Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فوجیوں کا مغربی کنارے سے انخلا، مزید آپریشنز کا انتباہ

اسرائیلی فوجی بلڈوزر کی وجہ سے سڑکوں اور عمارتوں کو بھاری نقصان پہنچا (فوٹو: اے ایف پی)
مغربی کنارے کے فلسطینی شہر جنین کے کیمپ میں دو روزہ آپریشن کے بعد اسرائیل نے اپنی فوج کو واپس بلا لیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق دو روزہ آپریشن میں کم سے کم 13 فلسطینی شہری اور ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن کے دوران اس نے جنین میں پناہ گزینوں کے کیمپ میں عسکریت پسندوں کی تنظیموں کو بھاری نقصان پہنچایا۔ اسرائیل نے فضائی حملے بھی کیے اور سینکڑوں فوجیوں کو جنین کے کیمپ بھیجا تھا۔
تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں کہ آیا اس سے مغربی کنارے میں ڈیڑھ سال سے جاری لڑائی پر دیر پا اثرات مرتب ہوں گے۔
فوجیوں کے انخلا سے قبل اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو اسی قسم کے آپریشن کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم دہشت گردی کو ختم کر دیں گے جہاں دیکھیں گے وہاں کارروائی کریں گے۔‘
عرب نیوز کے مطابق ایک ہزار سے زیادہ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں، درجنوں مسلح گاڑیوں، بلڈوزروں، ہیلی کاپٹرز اور ڈرونز نے اس آپریشن میں حصہ لیا۔ یہ 2002 میں جنین کیمپ کی تباہی کے بعد سب سے بڑا آپریشن ہے۔
فلسطین کے حملوں کے جواب میں 2022 کے اوائل سے اسرائیل مغربی کنارے میں تقریباً ہر روز کارروائیاں کر رہا ہے۔

dو روزہ آپریشن میں کم سے کم 13 فلسطینی شہری ہلاک ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اسرائیل نے پیر کو دو روزہ آپریشن کا آغاز کیا تھا اور کہا تھا کہ اس کا مقصد ہتھیاروں کو تباہ کرنا اور ان کو قبضے میں لینا ہے۔
تاہم فوجی بلڈوزر کی وجہ سے سڑکوں اور عمارتوں کو بھاری نقصان پہنچا اور سینکڑوں فلسطینی محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے۔
بدھ کو علی الصبح حماس کے زیرانتظام غزہ سے عسکریت پسندوں نے اسرائیل کی جانب راکٹ داغے۔ اسرائیل کا کہنا ہے اس نے راکٹس کو ناکارہ بنایا۔
اسرائیل کی فضائیہ نے غزہ میں کئی مقامات پر حملے کیے۔
فلسطین کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی آپریشن کے دوران 13 فلسطینی ہلاک ہوئے اور متعدد زخمی ہوئے۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے صرف عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا تاہم تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
رواں برس مغربی کنارے میں 140 سے زیادہ فلسطینی شہری ہلاک ہوئے اور فلسطین کے حملوں میں کم سے کم 25 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

شیئر: