مملکت کے بیشترعلاقے گرمی اورگرد وغبار کی لپیٹ میں رہیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ میں توقع ظاہرکی گئی ہے کہ جمعرات کے روز مملکت کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔
بعض مقامات پرتیز ہوا کے ساتھ گرد وغبار چھایا رہے گا جس سے شاہراہوں پرحد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔ موسمیات کے انتباہی مرکز نے جن علاقوں میں گرم اورغبار آلود موسم کی نشاندہی کی ہے ان میں مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، ریاض ، عسیر ، شمالی اورمشرقی ریجن کے علاوہ جازان بھی شامل ہے۔
مدینہ منورہ ریجن میں تیز ہوا کے ساتھ گرد وغبار کا سلسلہ وقفے وقفتے سے جمعرات کی شب 9 بجے تک جاری رہے گا جبکہ ریجن کے علاقے العیص ، بدر ، وادی الفرع اورینبع النخل میں درجہ حرارت 48 ڈگری سے زیادہ رہے گا۔
مکہ مکرمہ میں بھی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہوگی ۔ ریجن کے بڑے شہر جدہ اوررابغ میں ہوائیں رات 9 بجے تک چلیں گی جس سے سمندر میں موجیں بھی کافی بلند رہیں گی۔
مشرقی ریجن کے علاقے الجبیل ، الخبر، دمام ، القطیف ، راس تنورہ ، الخفجی ، النعیرہ ، حفرالباطن ، الاحسا اوربقیق میں تیز ہوا کی وجہ سے گرد وغبار چھایا رہے گا۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جازان ریجن میں موسم دیگرعلاقوں کے مقابلے میں آبرآلود رہے گا جبکہ بعض مقامات پردرمیانے درجے کی بارش کا بھی امکان ہے۔
تیز ہوا کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں موجیں کافی بلند رہیں گی (فوٹو، ٹوئٹر)
عیسر ریجن میں بھی درمیانے درجے کی بارش اورتیز ہوا کی توقع ہے جس کا سلسلہ ریجن کے علاقے النماص ، بلقرن ، تنومہ ، رجال المع ، محایل ، ابھا ، احد رفیدہ ، خمیس مشیط ، سراۃ عبیدہ اور ظھران الجنوب تک پھیل سکتا ہے۔
ریاض ریجن کے علاقے الافلاج ، السلیل ، الحریق ، الخرج ، الدلم ، المزاحمیہ ، حوطہ بنی تمیم ، الدرعیہ ، ریاض شہر، المجمعہ ، حریملا، رماح اورضرما میں بھی موسم گرم اورخشک رہنے کی توقع ہے علاوہ ازیں شمالی حدود ریجن میں گرد وغبار چھایا رہے گا۔