ٹی20: کریم جنت کی ہیٹ ٹرک کے باوجود بنگلہ دیش کی افغانستان کے خلاف فتح
ٹی20: کریم جنت کی ہیٹ ٹرک کے باوجود بنگلہ دیش کی افغانستان کے خلاف فتح
جمعہ 14 جولائی 2023 21:43
افغانستان کی جانب سے کریم جنت نے آخری اوور میں ہیٹ ٹرک کی (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان جاری دو ٹی20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا۔
بنگلہ دیش نے افغانستان کی جانب سے دیے گئے 155 رنز کے ہدف کو 19.5 اوورز میں پورا کیا۔
جمعے کے روز سلہٹ میں کھیلے گئے ٹی20 میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 54، عظمت اللہ عمرزئی نے 33 اور نجیب اللہ زدران نے 23 رنز سکور کیے۔
میزبان ٹیم کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے شکیب الحسن نے دو جبکہ ناسُم احمد، تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ہدف کے جواب میں توحید ہِری دوئے نے 47، شمیم حسین نے 33 جبکہ شکیب الحسن نے 19 رنز بنائے۔
میچ میں دلچسپ موڑ تب آیا جب بنگلہ دیش کو آخری 6 گیندوں پر 6 رنز درکار تھے جس پر مہدی حسن میراز نے کریم جنت کی پہلی گیند پر چوکا رسید کیا۔
اس کے بعد 20ویں اوور کی دوسری گیند پر مہدی حسن میراز کریم جنت کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اُس سے اگلی گیند پر تسکین احمد بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
کریم جنت نے 20ویں اوور کی چوتھی گیند پر ناسُم احمد کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔
اس کے بعد 20ویں اوور کی پانچویں گیند پر جب بنگلہ دیش کو دو رنز درکار تھے تو شوریفل اسلام نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح یاب کروا دیا۔
افغانستان کی جانب سے کریم جنت نے تین جبکہ فضل حق فاروقی، مجیب الرحمان اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دو میچز کی سیریز میں بنگلہ دیش کو 0-1 کی برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا دوسرا میچ 16 جولائی کو سلہٹ میں ہی کھیلا جائے گا۔