Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ، پاکستانی اور انڈین کرکٹ بورڈ کی میٹنگ میں کیا فیصلہ ہوا؟

اپنے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان صرف ایک ہی میچ کھیلے گا جو نیپال کے ساتھ ہو گا (فائل فوٹو: کرِک انفو)
کرکٹ شائقین ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچز کے مقام کے بارے میں حتمی فیصلے کے منتظر ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق آئی سی سی بورڈ کی جمعرات کو شیڈول چیف ایگزیکٹیو میٹنگ سے ایک دن قبل انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ ذکا اشرف کی ملاقات ہوئی ہے۔
انڈین ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچز سری لنکا ہی میں ہوں گے۔ ان میچز کے لیے انڈیا کی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین ارون دھومل نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے۔
ڈربن میں ارون دھومل نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے سیکریٹری کی پی سی بی کے سربراہ ذکا اشرف سے ملاقات ہوئی ہے۔ ایشیا کپ کا شیڈول پہلے ہی حتمی ہے اور یہ اسی کے مطابق  ہوگا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’لیگ سٹیج کے چار میچز پاکستان میں ہوں گے اور اس کے بعد کے نو میچز سری لنکا میں ہوں گے۔ ان نو میچز میں پاکستان اور انڈیا کے دو میچز یا ممنکہ طور پر تیسرا فائنل میچ بھی شامل ہوگا۔‘
ارون دھومل نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا جن میں انڈین ٹیم کے پاکستان جانے کی بات کی گئی تھی۔
’ایسی کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ انڈیا کی ٹیم پاکستان جا رہی اور نہ ہی ہمارے سیکریٹری وہاں جا رہے ہیں۔ صرف شیڈول فائنل کیا گیا ہے۔‘
ایشیا کپ کے پاکستان میں ہونے والے چار میچز میں سے تین افغانستان بمقابلہ بنگلہ دیش، بنگلہ دیش بمقابلہ سری لنکا اور سری لنکا بمقابلہ افغانستان ہوں گے جبکہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان صرف ایک ہی میچ کھیلے گا جو نیپال کے ساتھ ہوگا۔

شیئر: