Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی شہر تل ابیب میں حکومت مخالف تحریک جاری

نتنیاہو کو اچانک طبیعت کی خرابی کے باعث ہفتے کو ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔ فائل فوٹو اے پی
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ملک میں عدالتی اصلاحات کے منصوبے کے خلاف تل ابیب کی سڑکوں پر ہزاروں مظاہرین جمع ہیں اور احتجاجی لیڈروں کا کہنا ہے کہ مزید ’پریشانی کے دن‘ آنے والے ہیں۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیتن یاہو حکومت نے رواں ہفتے کے آغاز میں عدلیہ کے نظام بدلنے کے ایک اہم حصے کی ابتدائی منظوری دے دی ہے تاہم بل کو قانون بننے سے پہلے مزید دو ووٹوں کی ضرورت ہے۔
گذشتہ رات کا احتجاجی مظاہرہ ابتدائی سطح کی تحریک کا اہم حصہ گیا ہے اور یہ مظاہرہ اس ہفتے کا سب سے بڑا احتجاج تھا۔
واضح رہے کہ  منگل کو احتجاجی مظاہرین نے اہم شاہراہیں بلاک کر دی تھیں اور ملک کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کارروائیوں میں رکاوٹیں ڈالی گئی تھیں جب نیتن یاہو کے پارلیمانی اتحاد نے ایک بل پیش کیا جو عدالتی نظام میں تبدیلی کے لیے تھا۔
چھ ماہ سے زیادہ جاری رہنے والے اس احتجاج کے بعد تحریک کے تھمنے کے بہت کم آثار دکھائی دے رہے ہیں۔
اسرائیل کی قومی مزدور یونین اور اس کی میڈیکل ایسوسی ایشن بل کے خلاف بولنے والے گروپوں کی ایک لمبی فہرست میں شامل ہو گئی ہے۔
فوجی ریزروسٹ، فائٹر پائلٹ اور کاروباری رہنماؤں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس منصوبے کو روکے۔
گذشتہ روز سنیچر کو تل ابیب میں ہونے والے احتجاج میں ملک بھر سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے بیت المقدس میں نیتن یاہو کے گھر کے باہر مشعلیں روشن کیں اور ساحلی شہروں ہرزلیہ اور نیتنیہ میں مظاہرہ کیا۔

چھ ماہ سے جاری احتجاجی تحریک تھمنے کے آثار کم ہیں۔ فوٹو: عرب نیوز

اسرائیلی وزیراعظم کو اچانک طبیعیت کی خرابی کے باعث سنیچر کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے گزشتہ دن بغیر پانی پیے دھوپ میں گزارا جس کے بعد جسم میں پانی کی کمی ہو گئی۔
بعدازاں تل ابیب کے ہسپتال سے بینجمن نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ  صحت کے حوالے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
وزیراعظم آفس کے مطابق نیتن یاہو کو رات ہسپتال میں گزارنا پڑی اور اتوار کو ہونے والی کابینہ کی ہفتہ وار میٹنگ کو پیر تک بڑھا دیا گیا۔

شیئر: