Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی طلبا کی انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ میں شرکت

اولمپیاڈ کے بنیادی اہداف میں سائنسی تجربات کے تبادلے کو آسان بنانا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی طلبا کی ایک ٹیم انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ میں شرکت کر رہی ہے، یہ مقابلے 16 سے 25 جولائی تک سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہو رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق طلبا کی یہ ٹیم سعودی وزارت تعلیم اور شاہ عبدالعزیز اور ان کے ساتھیوں کی فاؤنڈیشن (موہبہ) کے تعاون سے کیمسٹری مسابقات کے اس پروگرام میں حصہ لے رہی ہے۔
سعودی طلباء کی ایک ٹیم عالمی پلیٹ فارم پر مملکت کی نمائندگی کرنے کے لیے گذشتہ روز اتوار کو سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئی ہے۔
اولمپیاڈ کے سابق ایڈیشنز میں سعودی عرب کا قابل ستائش ٹریک ریکارڈ موجود ہے، ٹیم نے 10 چاندی کے تمغے، 25 کانسی کے تمغے اور دو تعریفی اسناد حاصل کی ہیں۔
رواں سال سعودی ٹیم کی شرکت کا مقصد آئندہ سال کے لیے انٹرنیشنل اولمپیاڈ کی میزبانی کی تیاری کے لیے تقریب کے تنظیمی پہلوؤں سے اراکین کو واقف کرانا ہے۔
اولمپیاڈ کی اختتامی تقریب میں سال 2024 میں 22 جولائی سے  یکم اگست تک ریاض میں منعقد ہونے والے 56 ویں ایڈیشن کے میزبان کے طور پر مملکت کے طلبا کو علامتی جھنڈا دیا جائے گا۔
اس موقع پر موھبہ کی سرپرستی میں طلبا کے مقابلوں کے شعبہ کے مینیجر بدر المجراتی نے کہا ہے کہ  سعودی ٹیم کی شرکا نے روانگی سے قبل کئی فورمز اور مختلف کیمپوں کے ذریعے بہترین تربیت حاصل کی ہے۔

انٹرنیشنل اولمپیاڈ تعلیمی سال کے اختتام پر 10 دن کے لیے منعقد ہوتے ہیں۔ فوٹو: عرب نیوز

بدر المجراتی نے بتایا کہ المپیاڈ کی تیاری کے لیے ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں حالیہ تربیتی کیمپ منعقد ہوا جس میں سعودی اور بین الاقوامی کوچز کی رہنمائی میں طلبا نے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا جس کا مقصد مقابلوں میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل اولمپیاڈ ہائی سکول کے طلبا کے درمیان سالانہ مقابلے ہیں جو تعلیمی سال کے اختتام پر منعقد کیے جاتے ہیں جو 10 دن جاری رہتے ہیں اور میزبان ملک سوالات کو ترتیب دینے اور تیار کرنے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔

اولمپیاڈ کے سابق ایڈیشنز میں مملکت کا قابل ستائش ریکارڈ  ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

اولمپیاڈ کے بنیادی اہداف میں طلبا کے درمیان مواصلات اور تعاون کو فروغ دینا، تعلیمی اور سائنسی تجربات کے تبادلے کو آسان بنانا شامل ہے۔
کیمسٹری اولمپیاڈ کے تصور کی ابتدا 1968 میں چیکوسلواکیہ میں ہوئی تھی جب سوویت بلاک کے ممالک میں ثانوی تعلیمی نظام میں کیمسٹری اولمپیاڈز کو ضم کیا گیا، ابتدائی طور پر صرف سوویت بلاک کے ممالک کو شرکت کی دعوت دی جاتی تھی۔
 

شیئر: