نئے عمرہ سیزن کا آغاز، زائرین سعودی عرب پہنچنے لگے
عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’ نئے ہجری سال پر نئےعمرہ سیزن کا آغاز ہوگیا‘۔
’بدھ 19 جولائی (یکم محرم 1445ھ ) سے ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چیک پوسٹوں کے راستے سعودی عرب آنے والے عمرہ زائرین کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ ’عمرہ زائرین کے استقبال کے حوالے سے تمام ادارے تیاریاں مکمل کیے ہوئے ہیں‘۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ’ دنیا بھر سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں عمرہ زائرین کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور مطلوبہ پیکیج مرضی کے مطابق دیے جائیں گے‘۔
وزارت حج وعمرہ نے مزید کہا کہ ’بیرون مملکت سے عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے آنے والے ای ویزا ’نسک‘ پورٹل کے ذریعے جاری کراسکتے ہیں‘۔
سعودی حکومت نے دنیا کے ہرعلاقے سے مسلمانوں کوعمرہ ویزے کے اجرا میں متعدد سہولتیں فراہم کی ہیں۔
زیارت پر آنے والے مقدس شہروں کے علاہ سعودی عرب کے کسی بھی علاقے اور شہر کا دورہ کرسکیں گے۔ زائرین کو متعدد زبانوں میں مطلوبہ معلومات اور نقشے فراہم کیے جائیں گے۔