حج کے بعد شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور خلیجی ممالک کے لیے عمرہ پرمٹ کا اجرا
حج کے بعد شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور خلیجی ممالک کے لیے عمرہ پرمٹ کا اجرا
منگل 11 جولائی 2023 15:05
بیرون مملکت سے عمرہ سیزن کا آغاز یکم محرم سے کیاجائے گا(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ اندرون مملکت اورخلیجی ممالک سے عمرہ پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ عمرہ پرمٹ ’نسک‘ اور’توکلنا‘ ایپ کے ذریعے جاری کیاجا رہا ہے۔
سبق نیوز نے وزارت حج وعمرہ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ سعودی شہریوں اور یہاں رہنے والے غیرملکیوں کے علاوہ خلیجی ممالک کے شہری اوروہاں مقیمین کے لیے عمرہ سیزن کا آغاز کردیا گیا ہے۔
عمرہ پرمٹ کے حوالے سے وزارت حج وعمرہ کا مزید کہنا تھا کہ پرمٹ حاصل کرنے کی شرط موجود ہے۔ سعودی شہری یا مملکت میں مقیم غیرملکیوں کی سہولت کےلیے ’نسک‘ پورٹل سے عمرہ اورروضہ الشریفہ کی زیارت کے لیے پرمٹ جاری کرایا جاسکتا ہے۔
پرمٹ کا مقصد اضافی ازدحام پرقابو پانا ہے۔ پرمٹ کے اوقات کی پابندی کرنا بھی ضروری ہے۔
عمرہ یا مسجد نبوی میں روضہ شریفہ کی زیارت کے لیے پرمٹ میں اوقات کی نشاندہی مختلف رنگوں سے کی جاتی ہے تاکہ زائرین اپنی سہولت کے مطابق وہاں ازدحام کی کیفیت دیکھ کرزیارت یا عمرہ کے لیے وقت بک کرسکیں۔
قبل ازیں وزارت حج وعمرہ نے بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کی سہولت کےلیے ویزہ بکنگ کی سہولت بھی نسک پلیٹ فارم پرمہیا کی ہے تاہم بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی آمد کا آغاز یکم محرم 1445 ہجری سے کیا جائے گا۔