Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودیوں کو انفرادی وزٹ ویزے جاری کرانے کی سہولت

شخصی ویزے سنگل اورملٹی انٹری کےلیے جاری کیے جائیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج وعمرہ کی جانب سے سعودی شہریوں کو اپنے دوستوں کے لیے انفرادی وزٹ ویزہ جاری کرنے کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
انفرادی وزٹ ویزے پرآنے والے عمرہ کی ادائیگی کے علاوہ مملکت کی سیروسیاحت بھی کرسکیں گے۔ ویزہ سنگل یا ملٹی انٹری ہوگا۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ کے ٹوئٹرپر اس حوالے سے ہیش ٹیگ  فی ۔ القلب ۔ یا ۔ مکہ  کے عنوان سے جاری کیا گیا ہے۔
وزارت حج وعمرہ نے نئے شروع کیے جانے والے انفرادی ویزے کی چار خصوصیات کا ذکر کیا ہے جن کے مطابق مذکورہ ویزہ سعودی شہری اپنے کسی بھی دوست یا غیرملک میں رہنے والے عزیز کے لیے جاری کراسکتا ہے۔
انفرادی وزٹ ویزے سنگل اورملٹی انٹری کیٹگری کے جاری کیے جائیں گے۔ مذکورہ وزٹ ویزے پرآنے والوں کو عمرہ کی ادائیگی اورمسجد نبوی الشریف کی زیارت بھی کرسکیں گے۔
عمرہ کے علاوہ انفرادی وزٹ ویزے پرآنے والوں کو مملکت کے کسی بھی شہر میں جانے کی اجازت ہوگی علاوہ ازیں سیاحتی مقامات پربھی وہ جاسکیں گے۔

انفرادی وزٹ ویزے پرآنے والے مملکت کے تمام شہروں میں جاسکتے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)

مذکورہ وزٹ ویزے دوطرح ہیں جن میں سنگل انٹری ویزے کی مدت 90 دن ہوگی۔ اس ویزے پرآنے والے 90 دن تک مملکت میں قیام کرسکیں گے جبکہ ملٹی انٹری ویزہ 365 دنوں کے لیے کارآمد ہوگا تاہم اس ویزے پرآنے والے زیادہ سے زیادہ 90 دن تک قیام کرسکیں گے بعدازاں انہیں مملکت سے نکلنا ہوگا۔
وزارت حج و عمرہ نے مزید کہا ہے کہ وزٹ ویزے کا اجرا وزارت خارجہ ’ایم اوایف اے‘ کی ویب سائٹ سے جاری  کرایا جاسکتا ہے جس کا عنوان ’شخصی ویزہ‘ رکھا گیا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل سعودی شہریوں کےلیے انفرادی ویزے جاری نہیں کیے جاتے تھے۔ انفرادی ویزے صرف کام کے لیے یا تجارتی وزٹ ویزے جاری کیے جاتے تھے۔

شیئر: