راولپنڈی ...آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پر امن تعلقات چاہتے ہیں۔ سرحدوں پر کسی بھی مہم جوئی کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔ قیام امن کے لئے سیکیورٹی فورسز نے قربانیاں دی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو فارمیشن کمانڈرز کا اجلاس آرمی چیف کی زیر صدارت ہوا ۔ جیو اسٹریٹجک صورتحال اور آپریشن رد الفساد پر بریفنگ دی گئی۔ ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔فارمیشن کمانڈروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سرحدوں کا تحفظ کیا جائے گا۔ قیام امن تک کراچی ،پنجاب ،بلوچستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں آپریشن رد الفساد جاری رہے گا ۔فارمیشن کمانڈرز نے فاٹا کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ فاثا اصلاحات عوام کی خواہشات کے مطابق ہونی چا ہئیں۔