جدہ: ایئرپورٹ پرعمرہ زائرین کا استقبال تحائف اور پھولوں سے
جدہ: ایئرپورٹ پرعمرہ زائرین کا استقبال تحائف اور پھولوں سے
پیر 24 جولائی 2023 12:27
مملکت آنے والے زائرین کے استقبال کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرآنے والے عمرہ زائرین کا استقبال پھولوں اور تحائف سے کیا گیا۔ مختلف ممالک سے عمرہ زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اخبار 24 کے مطابق نئے سال ہجری 1445 کے آغاز سے ہی بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کی آمد شروع ہوچکی ہے۔ مختلف ممالک سے زائرین گروپوں کی صورت میں مملکت پہنچ رہےہیں۔
جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پرعمرہ زائرین کو خوش آمدید کہنے کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جدہ پہنچنے پرزائرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان پرپھلوں کی پتایاں نچھاور کی گئی علاوہ ازیں خصوصی تحائف کے پیکٹس بھی زائرین میں تقسیم کیے گئے۔
واضح رہے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کی سہولت کےلیے مختلف ہوائی اڈوں اوربری سرحدی چوکیوں پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ہوائی اڈوں اوربری چوکیوں پرامیگریشن کے ادارے نےبھی اضافی کاونٹرز قائم کیے ہیں تاکہ امیگریشن کی کارروائی میں کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ ہو۔
وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی پرزوردیتے ہوئے عمرہ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کو اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام آنے والے زائرین کو مقررہ خدمات فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔