Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائرین کونسی چیزیں اپنے ساتھ رکھیں، وزارت حج

زائرین خلاف ورزای پر وزارت کے شکایات سیل سے رجوع کرسکتے ہیں (فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج وعمرہ نے بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی رہنمائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت کی اہم اشیا جن میں شناختی کارڈ اورہنگامی ٹیلی فون شامل ہیں کو زائرین اپنے ہاتھ والے بیگ میں رکھیں۔
عاجل نیوز کے مطابق بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی آمد شروع ہوچکی ہے اس حوالے سے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کی رہنمائی کے لیے اہم معلومات سے انہیں مطلع کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کو چاہئے کہ وہ اپنے ہمراہ بیگ میں پاسپورٹ ، شناختی کارڈ (خلیجی ممالک کے زائرین کے لیے) ، عمرہ ایجنٹ کا نمبررابطہ نمبر اورایڈریس ، عمرہ کےلیے مخصوص دعاوں کی کتاب کے علاوہ ہنگامی حالت میں رابطہ کرنے کےلیے ٹیلی فون نمبرز اپنے ہمراہ رکھیں۔
وزارت حج وعمرہ کا مزید کہنا ہے کہ عمرہ کےلیے زائرین جب بھی اپنی رہائش گاہ سے نکلیں تو موسم کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے پانی کی بوتل ، چھتری ضرور اپنے ساتھ رکھیں۔

زائرین مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ کا نقشہ بھی اپنے ہمراہ رکھیں(فوٹو، ٹوئٹر)

مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ کے اہم مقامات کے نقشے کی سہولت بھی موجود ہے زائرین کوچاہئے کہ وہ دونوں شہروں کا نقشہ ساتھ رکھیں تاکہ کسی قسم کی دشواری کی صورت میں نقشے کی مدد سے اپنی رہائش یا دیگر مقامات تک پہنچ سکیں۔
دریں اثنا وزارت حج وعمرہ نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی غیرمعمولی صورتحال میں وزارت کے شکایات مرکز کے نمبر   920002814 پررابطہ کیا جاسکتا ہے۔ مذکورہ نمبرمدینہ منورہ ، مکہ مکرمہ اورجدہ کے لیے یکساں ہے۔
خیال رہے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام آنے والے عمرہ زائرین کا خیال رکھیں اورانہیں وہ تمام سہولتیں مہیا کریں جس کی انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے۔
اگرعمرہ سروس کمپنی کی جانب سے زائرین کو مقررہ خدمات مہیا نہیں کی جاتی یا سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی ہوتی ہے تو اس صورت میں عمرہ زائر کا حق ہے کہ وہ اپنی شکایت وزارت حج وعمرہ کے شکایت سیل میں درج کرائے۔
واضح رہے حج سیزن کے اختتام کے ساتھ ہی اس برس نئے سال ہجری کے پہلے دن سے بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ مختلف ممالک سے عمرہ زائرین کی آمد جاری ہے۔

شیئر: