قطری نیوز ایجنسی ہیک کرنا ممکن نہیں، ماہرین کا دعوی
جدہ: انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین نے قطر کا دعوی مسترد کیا ہے کہ سرکاری نیوز ایجنسی ہیک ہوگئی ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ سرکاری نیوز ایجنسی ہیک کرنا ممکن نہیں اور اگر ہیک کربھی لی جائے تو اسے چند منٹوں میں بحال کیا جاسکتا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ سوشل میڈیا کے تمام ذرائع کے علاوہ آفیشل ویب سائٹ بیک وقت ہیک ہوجائے۔ واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیابی شب قطر سے متضاد خبریں جاری ہورہی ہیں۔ ایک خبر امیر قطر شیخ تمیم سے منسوب کی گئی جس میں انہوں نے ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب اور اسلامی سربراہ کانفرنس کی سخت مخالفت کی جبکہ دوسری خبر قطری وزیر خارجہ سے منسوب کی گئی جس میں کہا گیا کہ قطر نے سعودی عرب، کویت، امارات، بحرین اور مصر سے اپنے سفیروں کو واپس بلایا ہے جبکہ ان ممالک کے سفراءکو 24گھنٹے کے اندر قطر سے نکل جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ قطری وزارت خارجہ نے امیر قطر اور وزیر خارجہ سے منسوب بیانات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری نیوز ایجنسی ہیک ہوگئی ہے۔