ایک ماہ میں 12 ہزار سے زائد افراد کے خلاف جوازات کی کارروائی
منگل 25 جولائی 2023 15:05
غیرقانونی افراد کو پناہ دینے پرسعودی شہریوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ نے گزشتہ ماہ کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر 12 ہزار سے زائد افراد پرفرد جرم عائد کی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ڈائریکٹریٹ جنرل آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں میں اقامہ قوانین اورسرحدی ضوابط کی خلاف ورزیوں پر 12 ہزار 29 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
گرفتار کیے جانے والوں میں غیرملکی اور وہ سعودی شہری بھی شامل تھے جنہوں نے دراندازوں کو نقل وحمل یا قیام کی سہولت فراہم کی تھی علاوہ ازیں محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکیوں کو غیرقانونی طورپرروزگار فراہم کیا تھا۔
اس حوالے سے محکمہ جوازات کا کہنا ہے کہ اقامہ یا محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکیوں کو پناہ یا روزگار فراہم کرنا سنگین قانون شکنی ہے۔
خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے لیے جرمانہ اورقید کی سزائیں مقرر ہیں۔