سعودی عرب میں ’عسیر‘ کے ٹھنڈے پہاڑوں پر چھٹیاں گزاریں: لیونل میسی
سعودی عرب میں ’عسیر‘ کے ٹھنڈے پہاڑوں پر چھٹیاں گزاریں: لیونل میسی
جمعہ 28 جولائی 2023 16:35
لیونل میسی نے اہل خانہ کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے دورہ سعودی عرب کی یادیں تازہ کیں (فوٹو: لیونل میسی انسٹاگرام)
ارجنٹائن کے فٹ بال لیجنڈ لیونل میسی نے جمعرات کو انسٹاگرام پر اہل خانہ کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے حالیہ دورہ ریاض کی یادیں تازہ کیں۔
انسٹاگرام پر اپنے 48 کروڑ فالوورز کو مخاطب کرتے ہوئے فٹ بال سٹار نے لکھا کہ ’چھٹیوں کے بارے میں سب سے اچھی چیز اپنے پیاروں کے ساتھ بہترین وقت گزارنا ہے۔‘
اپنے ریاض کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے میسی کہتے ہیں کہ ’میں نے سعودی عرب میں مقامی کھیل کھیلے اور گرم جوشی سے پیش آنے والے سعودی شہریوں کے ساتھ دستکاری بھی کی۔
اپنے مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے لیونل میسی نے کہا کہ ’اگر آپ ابھی بھی اپنی چھٹیاں گزارنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تو (عسیر) کے ٹھنڈے پہاڑوں پر جائیں اور 17 ڈگری سینٹی گریڈ پر لُطف اٹھائیں۔‘
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں فٹ بالر کو اپنے بیٹوں اور اہلیہ انتونلا روکوزو کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے عسیر کے دلکش پہاڑوں کی تصویر بھی شیئر کی۔ میسی الدریہ میں گائیڈڈ ٹور پر گئے اور البوجیری ٹیرس پر کھانا کھایا۔
لیونل میسی نے رواں برس مئی میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور الدرعیہ میں 300 سال پرانے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی جگہ الطریف بھی گئے اور ریاض کے کچھ پُرکشش مقامات کی سیر بھی کی۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت سیاحت نے 2022 کے دوران میسی کو سعودی عرب کا سیاحتی سفیر منتخب کیا تھا۔
مئی میں دورہ سعودی عرب کے دوران میسی نے درختوں کی تصویر کے کیپشن میں تحریر کیا تھا کہ ’کسے یقین آئے گا کہ سعودی عرب اتنے زیادہ سبزہ زاروں کا مالک ہے۔‘
لیونل میسی نے یہ بھی لکھا تھا کہ ’انہیں جب بھی موقعہ ملے گا وہ سعودی عرب کے عجائبات دریافت کرنا چاہیں گے۔‘