Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’طیارہ کریش بھی کر سکتا تھا‘، پیرس میں نشے میں دُھت پائلٹ گرفتار

پرواز کی روانگی سے ایک گھنٹہ قبل پائلٹ کو گرفتار کر لیا گیا (فائل فوٹو: روئٹرز)
پیرس سے واشنگٹن ڈی سی جانے والی ایک فلائٹ اس وقت منسوخ ہو گئی جب اس کے پائلٹ کو نشے کی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی اخبار نیو یارک پوسٹ کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائن کا 63 سالہ پائلٹ اتوار کو پیرس کے چارلس ڈیگال ایئرپورٹ سے ورجینیا کے واشنگٹن ڈلس ایئرپورٹ تک 267 مسافروں کے ہمراہ پرواز کے لیے تیار تھا۔
تاہم سکیورٹی اہلکاروں کے مطابق جب پائلٹ پہنچا تو واضح طور پر وہ ’نشے میں دُھت‘ لگ رہا تھا اور وہ ’لڑکھڑا‘ بھی رہا تھا۔
پائلٹ کے دو ٹیسٹ کیے گئے تاکہ اس کے خون میں الکوحل کی مقدار جانچی جا سکے۔ ٹیسٹوں کے بعد پتا چلا کہ اس کے خون میں الکوحل کی مقدار، فرانس میں فلائٹ کے عملے کے لیے مقررہ کردہ مقدار سے چھ گنا زیادہ ہے۔
پرواز کی روانگی سے ایک گھنٹہ قبل پائلٹ کو گرفتار کر لیا گیا اور آخری منٹ میں فلائٹ بھی منسوخ ہو گئی۔
یونائیٹڈ ایئرلائن کے پائلٹ کو جب عدالت میں پیش کیا گیا اور اس حوالے سے پوچھا گیا تو اس کا کہنا تھا کہ اس نے گذشتہ رات وائن کے صرف دو گلاس پیے تھے۔
تاہم جج جو اس بیان پر شک تھا اور انہوں نے کہا کہ ’طیارہ کریش بھی کر سکتا تھا، آپ نے 267 مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا۔‘
عدالت نے سماعت کے دوران پائلٹ کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی پر اس سزا کو معطل کر دیا اور تقریباً پانچ ہزار ڈالر کا جرمانہ کیا۔ ممکنہ طور پر انہیں امریکہ میں مزید پیشہ ورانہ پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یونائیٹڈ ایئرلائن نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اس ملازم کو فوری طور پر ملازمت سے ہٹا دیا گیا اور ہم مقامی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔‘

شیئر: