’وہ مرجائے گی،‘ انڈیا میں خاتون پائلٹ اور ان کے شوہر پر ہجوم کا تشدد
بدھ 19 جولائی 2023 17:01
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
انڈیگو ایئرلائنز نے خاتون پائلٹ کو معطل کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے دوارکا میں لوگوں کے ایک جتھے نے انڈیگو ایئرلائنز کی ایک خاتون پائلٹ اور ان کے شوہر کو 10 سالہ بچی کو کام پر رکھنے اور اسے پیٹنے پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں پائلٹ کا یونیفارم پہنی خاتون پر جتھے کی جانب سے تشدد ہوتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک ویڈیو میں مردوں اور عورتوں کو خاتون پائلٹ کو تھپڑ مارتے اور انہیں بالوں سے گھسیٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ خاتون پائلٹ متعدد بار ’سوری‘ کہتی ہیں لیکن ان پر تشدد جاری رہتا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیگو ایئرلائنز نے خاتون پائلٹ کو معطل کر کے ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز بھی کردیا ہے۔
انہی ویڈیوز میں سے ایک ویڈیو میں خاتون پائلٹ کے شوہر پر بھی تشدد ہوتے دیکھا جا سکتا ہے اور ایسی ہی ایک ویڈیو میں ایک شخص کی آواز بھی سُنائی دے رہی ہے جو مشتعل ہجوم کو کہہ رہا ہے کہ ’وہ (خاتون پائلٹ) مر جائے گی۔‘
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق خاتون پائلٹ اور ان کے شوہر نے 10 سالہ بچی کو دو ماہ قبل کام پر رکھا تھا اور کچھ دن پہلے بچی کے ایک رشتہ دار نے اس کے جسم پر تشدد کے نشانات دیکھے تھے جس کے بعد پولیس کو بھی شکایت درج کرائی گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق بچی پر تشدد چوری کے شک کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے خاتون پائلٹ اور ان کے شوہر کو حراست مین لے لیا گیا ہے اور مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
انڈین قوانین کے مطابق بچوں سے مشقت لینا جرم ہے۔ دوارکا کے ایک سینیئر پولیس افسر ہرش وردھن نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ انہوں نے بھی 10 سالہ بچی کے ہاتھوں پر جلنے کے نشانات دیکھے ہیں۔