Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کے فاسٹ بولر سٹوارٹ براڈ کا ایشز سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

سٹوارٹ براڈ نے 167 ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 602 وکٹیں حاصل کیں (فائل فوٹو: گیٹی)
انگلینڈ کے فاسٹ بولر سٹوارٹ براڈ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
لندن میں اوول کے میدان میں جاری ایشز سیریز کا آخری ٹیسٹ 37 سالہ کرکٹر کے کیریئر کا بھی آخری میچ ہے۔
سٹوارٹ براڈ نے اپنے کیریئر کے دوران 167 ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی اور 602 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا۔
وہ اپنے ہم وطن اور ساتھی کھلاڑی جیمز اینڈرسن کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین فاسٹ بولر جبکہ مجموعی طور پر دنیا کے پانچویں کامیاب ترین نولر ہیں۔
سنیچر کو ’سکائی نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اتوار یا پیر میرا کرکٹ کا آخری دن ہوگا، یہ ایک حیرت انگیز سفر تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’نوٹنگھم شائر اور انگلینڈ کی نمائندگی کرنا میرے لیے بہت فخر کی بات ہے۔‘
’یہ ایک شاندار سیریز رہی ہے جس کا میں بھی حصہ رہا ہوں، اور میں ہمیشہ سے سب سے کیریئر کی بلندی پر کرکٹ ختم کرنا چاہتا تھا۔‘
سٹورٹ براڈ کے مطابق ’ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ایشز سیریز سب سے زیادہ پُرلطف تھی جس کا میں حصہ رہا ہوں۔‘
کرک انفو کے مطابق سٹوارٹ براڈ نے گذشتہ ہفتے ہی آسٹریلیا کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کے دوران 600 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگِ میل عبور کیا تھا۔

وول میں جاری ایشز سیریز کا آخری ٹیسٹ 37 سالہ کرکٹر کے کیریئر کا بھی آخری میچ ہے (فائل فوٹو: گیٹی)

انہوں نے اپنی 20 ویں سالگرہ کے دو ماہ بعد، اگست 2006 میں کارڈف میں پاکستان کے خلاف ٹی20 کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
اس کے بعد انگلش پیسر نے سری لنکا کے خلاف کولمبو میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا۔
یاد رہے کہ 2007 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے یووراج سنگھ نے سٹوارٹ براڈ کو ایک اوور میں 6 چھکے لگا کر تاریخ رقم کی۔
 انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان یہ میچ 19 ستمبر 2007 کو ڈربن میں کھیلا گیا تھا۔

شیئر: