Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معمر سعودی باپ بیٹے نے تعلیم بالغان سکول میں داخلہ لے لیا

دونوں باپ بیٹا القنفذہ کی مشرقی تحصیل ملاقی الاودیہ کے سکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب مکہ مکرمہ کی کمشنری القنفذہ میں باپ بیٹا موسم گرما کے دوران ’تعلیم بالغاں‘ سکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق تعلیم بالغاں سکول میں بزرگ شہری پہنچ رہے ہیں۔ یہاں وہ معاشرے کے مختلف طبقوں کے افراد سے ملنے کا بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ 
بزرگ شہری علی بن الحربی نے بتایا کہ ’مجھے پتہ چلا تھا کہ سکول میں سورۃ فاتحہ کی تعلیم دی جا رہی ہے۔ میں صحیح طریقے سے سورۃ فاتحہ پڑھنے کے لیے سکول آیا ہوں۔ یہاں آکر پتہ چلا کہ یہ لوگ پڑھنے اور لکھنے کی تعلیم بھی دے رہے ہیں۔‘
علی الحربی کے بیٹے احمد نے کہا کہ ’خواب تھا کہ تعلیم حاصل  کروں۔ موسم گرما کے دوران تعلیم بالغاں سکول کا پتہ چلا تو داخلہ لیا۔ میرے لیے دہری خوشی کی بات یہ ہے کہ والد بھی یہاں داخلہ لیے ہوئے ہیں۔ ہم دونوں پڑھنے لکھنے کے علاوہ حفظان صحت اور زرعی طریقہ کار بھی سیکھ رہے ہیں۔‘
تعلیم بالغاں کے سکول میں چھوٹی چھوٹی سورتیں حفظ کرائی جا رہی ہیں۔ قرآن پاک پڑھنے کا طریقہ سکھایا جا رہا ہے اس کے علاوہ لکھنے کی بھی مشق کرائی جا رہی ہے۔ 
دونوں باپ بیٹا القنفذہ کی مشرقی تحصیل ملاقی الاودیہ کے سکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ دونوں بڑی عمر میں تعلیم کی سہولت ملنے پر سعودی قیادت کے مشکور ہیں۔  

شیئر: