سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ سے بڑھنے کا امکان
مشرق وسطیٰ کے ممالک میں گرمی کی شدت زیادہ ہوتی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں گرمی کی شدید لہر کا امکان ہے جس میں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گرمی کی لہر سے خلیجی ممالک سمیت عراق بھی متاثر ہو گا جہاں بعض شہروں میں کل منگل کو درجہ حرارت 52 سینٹی گریڈ بڑھنے کا امکان ہے۔
طقس العرب کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ’موسمیاتی نقشوں کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا ہے کہ وسطی اور شمالی علاقوں میں گرمی عروج پر ہو گی۔‘
ماہرین نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے مشرقی شہروں کے علاوہ کویت کل منگل کو درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک پہنچے گا۔‘
’جبکہ ریاض اور قرب و جوار کے شہروں میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ کے قریب ہو گا۔‘
دوسری طرف سعودی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مکہ، مدینہ، ریاض، مشرقی ریجن اور عسیر میں گرم اور تیز ہوا چلنے کا امکان ہے۔‘
’مکہ ریجن کے متعدد شہروں میں ہوا کی رفتار 49 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گی جبکہ یہ کیفیت رات 8 بجے تک رہے گی۔‘