دبئی: چھ ماہ میں337 ملین افراد کا پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر
پبلک ٹرانسپورٹ میں سب سے زیادہ میٹرو دبئی اور ٹیکسیوں سے سفر کیا گیا (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’سال رواں 2023 کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران 337 ملین افراد نے پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کیا‘۔
الامارات الیوم کے مطابق روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ ’2022 کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران 304.6 ملین افراد نے پبلک ٹرانسپورٹ سے استفادہ کیا تھا‘۔
اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مطر الطایر کا کہنا ہے کہ’ پبلک ٹرانسپورٹ میں سب سے زیادہ میٹرو دبئی اور ٹیکسیوں سے سفر کیا گیا‘۔
میٹرو دبئی استعمال کرنے والوں کی شرح 36.5 فیصد اور ٹیکسی استعمال کرنے والوں کی 29 فیصدجبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں سے سفرکرنے والوں کی شرح 24.5 فیصد رہی۔
سب سے زیادہ سفراس سال مارچ میں لیا گیا۔ مسافروں کی تعداد 60 ملین کے لگ بھگ رہی۔ باقی پانچ ماہ کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد 53 سے 58 ملین کے درمیان رہی۔
مطر الطایر نے بتایا کہ ’2022 کے ابتدائی چھ ماہ کے مقابلے میں سال رواں کے نصف اول میں سفر کرنے والوں کی تعداد میں گیارہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا‘۔