Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں میٹرو اور پبلک ٹرانسپورٹ پلان کے لیے سروے کا آغاز

جدہ کے تمام علاقوں کا ڈیٹا جمع کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے (فائل: فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کے بین الاقوامی ساحلی شہر جدہ میں میٹرو اور پبلک ٹرانسپورٹ پلان پر عملدرآمد کے پہلے مرحلے میں سروے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی کمپنی ان دونوں پراجیکٹس پر کام کرے گی۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق 800 افراد پر مشتمل ایک ٹیم کوسروے کر کے جدہ کے تمام علاقوں کا ڈیٹا جمع کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ 
فیلڈ ٹیم میں مکہ گورنریٹ، جدہ میونسپلٹی، جدہ محکمہ ٹریفک اور پروجیکٹ آپریٹر کرنے والی کمپنی کے نمائندے شامل ہیں۔ 
فیلڈ ٹیم کے ارکان میٹرو پراجیکٹ کو کامیاب بنانے اور جامع پبلک ٹرانسپورٹ کو موثر بنانے کے لیے معلومات جمع کریں گے۔
سروے میں اہم سوال یہ ہو گا کہ ملازمین اور ان کے اہل خانہ گھروں سے دفاتر اور سکولوں کے لیے کب نکلتے ہیں۔ تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں سے متعلق ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں یہ بھی سروے کیا جائے گا کہ ایک فیملی کے ارکان کتنی گاڑیاں استمعال کرتے ہیں اور فیملی کے کتنے ممبران گاڑیاں چلا رہے ہیں۔ 
دونوں پراجیکٹس کو کامیاب بنانے کے لیے سروے کی بنیاد پر نیا ڈیٹا تیار کیا جائے گا جس سے جدہ میٹرو پروجیکٹ آپریٹ کرنے والی کمپنی کو فائدہ ہو گا۔
میٹرو کا دائرہ اور بس سروس کی فراہمی سے متعلق زمینی حقائق کی بنیاد پر منصوبہ بندی کی جائے گی۔

جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ سروے کئی ماہ تک جاری رہے گا (فوٹو: ٹوئٹر)

دفاتر، سکولوں اور سرکاری محکموں تک بس سروس کا جامع پلان تیار کیا جائے گا۔ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ شہر کو ٹریفک کے رش سے بچانے کے لیے کیا کچھ کیا جاسکتا ہے؟ 
جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ سروے کئی ماہ تک جاری رہے گا۔ اس کے تحت اعدادوشمار جمع کیے جائیں گے۔ شہر کے اندر اورباہر راستوں کے پورے نیٹ ورک کا میپ بنایا جائے گا۔ 
جدہ میونسپلٹی نے تمام اداروں، مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ سروے کرنے والی ٹیم سے بھرپور تعاون کریں۔ 
کسی کومعلومات فراہم کرنے سے قبل اس بات کا اطمینان کر لیں کہ سوالات کرنے والے کا تعلق سروے ٹیم سے ہے یا نہیں۔ 

شیئر: