سوتیلی ماں کی تشدد سے ہلاکت، سعودی شہری کو موت کی سزا
ایوان شاہی نےعدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم جاری کردیا تھا (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کے حائل ریجن میں منگل کو سوتیلی ماں کے قتل کیس میں سعودی شہری کو سزائے موت دی گئی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے منگل کو بیان میں کہا کہ ’سعودی شہری راضی بن ھنی بن عائض القلادی الرشیدی پر حائل ریجن میں اپنی سوتیلی ماں صالحہ بنت محمد بن دبلان الرشیدی کے قتل کا الزام تھا‘۔
بیان کے مطابق ’سعودی شہری نے سوتیلی ماں کو کئی دن تک کند آلے سے ہاتھ پیر باندھ کر تشدد کیا اور زخموں کا علاج کرنے کا موقع نہیں دیا جس سے وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی‘۔
بعد ازاں نعش کو آبادی سے باہر کسی کو بتائے بغیر دفنا دیا گیا تھا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ’ پولیس نے ملزم کو پوچھ گچھ کے بعد عدالت کے حوالے کیا۔ عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پر موت کی سزا سنادی تھی‘۔
وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ ’سعودی شہری نے سوتیلی ماں کو اس وقت بھی تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اسے طبی امداد کی ضرورت تھی‘۔
ایوان شاہی نےعدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم جاری کردیا تھا۔