رضوانہ طاقت کے ناجائز استعمال کا شکار ہوئی ہے: سینیٹر شیری رحمان
تین اگست کو پی ایم ایل این کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے رضوانہ کی ہسپتال میں عیادت کی تھی۔ (فوٹو: پی ایم ایل این)
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ’گھریلو تشدد کا شکار ملازمہ رضوانہ ایک سول جج کے خاندان کے طاقت کے ناجائز استعمال کا شکار ہے۔‘
جمعے کو سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ رضوانہ لاہور کے ایک ہسپتال کے آئی سی یو میں زندگی کی جنگ لڑ رہی ہے۔
’ہر چیز کا سوموٹو لیا جاتا ہے اور جب گھر سے اس طرح طاقت کا ناجائز استعمال ہو رہا ہے تو یہ کہاں کا انصاف ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جنگل کا قانون نہیں، یہ نہ کیا جائے کہ حفاظتی ضمانت دی جائے۔
’اس لڑکی کو بھی انصاف ملنا چاہیے کیونکہ وہ طاقتور نہیں ہے۔ جس طرح تشدد کا نشانہ بنایا تو رونگٹھے کھڑے ہو جاتے ہیں۔‘
انہوں نے چیئرمین سینیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سینیٹ سیکریٹریٹ میں ایسا کچھ ہوتا تو کیا آپ نوٹس نہیں لیتے، ہم تو آپ کے گلے پڑ جاتے۔‘
سینیٹر شیری رحمان کے بعد وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ اندوہناک واقعہ ہے اور اس کے لیے ہمیں آگاہی مہم کی بھی ضرور ہے۔
انہوں نے کہا کہ طیبہ کیس میں سزاؤں کے باوجود ایسے کیسز کا سامنے آنا تشویشناک ہے اور اس معاملے کو اب سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔