Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید کی سزا، عمران خان زمان پارک سے گرفتار

اسلام آباد کی مقامی عدالت سے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آنے بعد پولیس نے زمان پارک سے سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کو کرپٹ پریکٹسز کا مرتکب قرار دیا ہے۔
سیشن کورٹ کے ایڈیشنل جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کو پانچ سال کے لیے نااہل کر دیا ہے۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو عمران خان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی عدالت کا فیصلہ آیا ہے اور اس دوران پولیس زمان پارک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے کے بارے میں وہ اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کریں گے۔
انہوں نے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
عمران خان کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور خان نے کہا تھا کہ وہ ساڑھے 12 بجے کیس کا فیصلہ سنائیں گے۔ 
اس سے قبل عدالت نے سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث کو 12 بجے تک عدالت میں پیش ہونے کی مہلت دی تھی تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔
خواجہ حارث کے معاون وکیل نے عدالت میں پیش ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ’خواجہ حارث اس وقت احتساب عدالت میں مصروف ہیں اس لیے پیش نہیں ہو سکے۔‘
معاون وکیل نے کہا کہ جیسے ہی وہاں سے فارغ ہوں گے، عدالت پیش ہو جائیں گے۔
جج ہمایوں دلاور خان نے کہا کہ اگر خواجہ حارث پیش نہیں ہوتے تو کیا صورتحال ہوگی؟ گزشتہ روز کے آرڈر میں پیشی کی واضح ہدایات تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔
’خواجہ حارث 12 بجے ہیش ہوں ورنہ فیصلہ محفوظ کر لیا جائے گا۔‘
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ سیشن کورٹ دوبارہ فریقین کو سن کر قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست پر فیصلہ کرے۔
عدالت نے توشہ خانہ کیس دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی عمران خان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
عدالت نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جج تبدیلی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور ہی توشہ خانہ کیس کو سنیں گے۔
عمران خان کی اپیلوں پر فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سنایا۔
عمران خان نے توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے، جج ہمایوں دلاور کو تبدیل کرنے اور حق دفاع ختم کرنے سمیت آٹھ درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو طلب کیا تھا۔

شیئر: