Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کی اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر

سابق وزیراعظم عمران خان کی اڈیالہ منتقلی کے لیے اور انہیں جیل میں اے کلاس فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
پیر کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کو اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے اور انہیں جیل میں میں اے کلاس فراہم کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی قانونی ٹیم کے ممبران کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔ ذاتی معالج ،خاندان کے افراد اور پارٹی کے سینیئر قائدین سے بھی ملاقات کی اجازت دی جائے۔‘

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو جیل میں سی کلاس میں رکھا گیا ہے اور ان کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔

اتوار کو رات گئے اپنے ویڈیو پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ’ہمارے علم میں آیا ہے کہ ملک کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو نو بائی گیارہ کے سیل میں سی کلاس میں رکھا گیا ہے۔عمران خان کو کھانا بھجوایا جاتا ہے ان تک نہیں پہنچایا جاتا۔ وکلا کو ملنے سے روک دیا دیا جاتا ہے۔ ہماری تشویش بجا ہے۔ ان کی جان کو خطرہ لاحق ہیں۔ اعلی عدلیہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔‘
ان کے بقول ’میں اٹک جیل میں رہ چکا ہوں وہاں سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں وہاں بی کلاس تک میسر نہیں۔ سنیچر اور اتوار کو وکلا نے ملنے کی کوشش کی مگر رسائی نہیں دی جا رہی ہمیں پیر کو عمران خان کی اپیل فائل کرنا ہے ان کی رہائی کے لیے قانونی چارہ جوئی کرنی ہے لیکن ہمیں رسائی نہیں دی جا رہی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’اگر وکلا وکالت نامے پر دستخط نہیں کروا پائیں گے تو اپیل کیسے دائر کر سکیں گے۔‘
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ’عمران خان کے لیے عدالت کا حکم نامہ اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا آتا ہے جبکہ انھیں بھجوایا اٹک جیل جاتا ہے۔ کور کمیٹی کے تمام ممبران نے عمران خان کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کور کمیٹی کی پہلی ترجیح عمران خان کی سیفٹی اور رہائی ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’عمران خان کے لیے پمز اور پولی کلینک ہسپتال میں جو میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا وہ موجود تھا اور عمران خان کا منتظر تھا لیکن عمران خان کو میری اطلاعات کے مطابق ان کو وہاں لے جایا نہیں گیا۔‘

شیئر: