عمران خان کی سزا قانون کے مطابق، اپیل کا حق ہے: وزیر قانون
عمران خان کی سزا قانون کے مطابق، اپیل کا حق ہے: وزیر قانون
اتوار 6 اگست 2023 10:59
سابق وزیراعظم عمران خان کو اٹک جیل میں رکھا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے پاس ہائی کورٹ اور اس کے بعد سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا حق ہے۔
سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کو اعلیٰ عدلیہ نے گھر بھیج دیا تھا اور انہیں نہ اپیل کا موقع ملا اور نہ نظرثانی کا۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اس کیس میں ٹرائل ہوا اور عمران خان کو موقع دیا گیا لیکن 37 مرتبہ وہ غیرحاضر رہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایک قانونی طریقہ کار کے تحت سزا ہوئی جس کا ان کو سامنا کرنا چاہیے۔
اجلاس کے دوران عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے واک آؤٹ کیا۔
وزیر قانون نے کہا کہ ’اگر ہمارے (پی ٹی آئی کے) دوست عدالتی فیصلے کو بنیاد بنا کر بائیکاٹ کریں گے تو یہ بڑی غیر مناسب بات ہے۔
’چیئرمین تحریک انصاف کو ایک بڑے سادہ سے کیس میں سزا ہوئی ہے۔ آئین کا آرٹیکل 62 اور 63 یہ کہتا ہے کہ مجلس شوریٰ کا رکن بننے اور رکنیت برقرار رکھنے کی یہ شرائط ہیں اور اس کے لیے پارلیمنٹ قانون بنائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پارلیمنٹ نے شفافیت کے لیے قانون بنایا جس کے تحت ایوان بالا اور ایوان زیریں کے ہر رکن کو 31 دسمبر کو گوشوارے داخل کرانا ہوتے ہیں کہ میں نے یہ جائیدادیں بیچی ہیں یا خریدی ہیں اور یہ میرے اثاثے ہیں۔ 30 جون سے قبل آپ ٹیکس ادا کرتے ہیں۔‘
عمران خان کو براستہ موٹر وے لاہور سے اٹک جیل منتقل کیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ’چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے ٹیکس ریٹرنز میں توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف اور ان کو بیچ کر حاصل کی گئی آمدن کو ظاہر کیا ہوا تھا، جو کروڑوں روپے میں ہے۔ لیکن عوام کو دھوکہ دینے کے لیے انہوں نے اپنے الیکشن کمیشن والے گوشواروں میں وہ چھپایا ہوا تھا۔ اور اس کے ساتھ یہ حلفیہ بیان دیا کہ ان گوشواروں میں جو کچھ درج ہے وہ میرے علم اور یقین کی رو سے درست ہیں اور میں نے کوئی چیز چھپائی نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وہ چوری اس وقت پکڑی گئی جب سپیکر قومی اسمبلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن میں گیا۔ اور پھر قانون نے مطابق ایڈیشنل سیشن جج کی اس کی شکایت بھیج دی۔‘
سنیچر کو توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کو پولیس نے لاہور کے زمان پارک سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کر دیا تھا۔
توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کو تین سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔