Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
پیر کو سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ جلدبازی میں کیا گیا۔ ٹرائل دوبارہ شروع کیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو فیئر ٹڑائل کا حق نہیں دیا گیا، سپریم کورٹ کے فیصلے تک سزا معطل کی جائے اور  تین سال کی سزا کالعدم قرار دی جائے۔‘
سپریم کورٹ میں درخواست صائمہ صفدر چوہدری نامی شہری نے دائر کی ہے جس میں ریاست، حکومت اور جج ہمایوں دلاور کو فریق بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان کی اڈیالہ منتقلی کے لیے اور انہیں جیل میں اے کلاس فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
پیر کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کو اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے اور انہیں جیل میں میں اے کلاس فراہم کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی قانونی ٹیم کے ممبران کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔ ذاتی معالج ،خاندان کے افراد اور پارٹی کے سینیئر قائدین سے بھی ملاقات کی اجازت دی جائے۔‘

شیئر: