انڈیا سی پیک میں شامل ہونا چاہے تو اسے خوش آمدید کریں گے: چینی قونصل جنرل
چینی قونصل جنرل کے مطابق ’سی پیک ہزاروں افراد کی تکنیکی تربیت کا ذریعہ بن رہا ہے‘ (فوٹو: اردو نیوز)
کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ سی پیک پاکستان کا اکنامک کروز ہے، انڈیا اگر سی پیک میں شامل ہونا چاہے تو اسے خوش آمدید کہیں گے۔
بدھ کو کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے کہا کہ گذشتہ ہفتے میں سی پیک کی 10 ویں سالگرہ منائی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں سی پیک سے نئی تحریک پیدا ہوئی ہے۔ 10 سال قبل سی پیک کے آغاز سے 36 منصوبے مکمل ہوئے۔‘
’سی پیک سے پاکستان میں 25 ارب 40 کروڑ ڈالر براہ راست سرمایہ کاری ہوئی، 2 لاکھ 36 ہزار ملازمتیں، 8 ہزار میگاواٹ بجلی، 510 کلومیٹر ہائی ویز اور 886 ٹرانسمیشن لائنیں بچھائی گئیں۔‘
ان کے مطابق گوادر کی ترقی بھی سی پیک سے ممکن ہوئی، شعبہ توانائی کے 14 کمرشل آپریشن شروع کر چکے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک ہزاروں افراد کی تکنیکی تربیت اور ان کی ملازمت کا ذریعہ بن رہا ہے، سی پیک کی تعمیر کے لیے 20 ہزار سے زائد چینی باشندے پاکستان آئے۔
’تیس ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ چین میں زیر تعلیم ہیں، اس وقت 50 ہزار پاکستانی چین میں کام کر رہے ہیں، سی پیک کے 10 سالہ سفر نے چین پاکستان تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔‘