سی پیک چین اور پاکستان کی دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے: نائب چینی وزیراعظم
سی پیک کے تحت پاکستان میں 25 ارب ڈالر سے زائد کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے سی پیک کے تحت زراعت، صنعت، صحت، تعلیم، ریلوے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع بڑھانے اور علاقائی رابطہ کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان کی قومی خود مختاری، آزادی، علاقائی سالمیت کے تحفظ، قومی اتحاد، سماجی استحکام اور اقتصادی خوشحالی کی کاوشوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پیر کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک چین اور پاکستان کی دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے، سی پیک نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد کو نئی جلا بخشی ہے۔
’سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا اہم منصوبہ ہے، یہ پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے، سی پیک سے خطہ میں سماجی ترقی کا آغاز ہوا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں 25 ارب ڈالر سے زائد کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔
’ سی پیک کے تحت اربن ریلوے، فائبر آپٹک سمیت مختلف منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا، سی پیک نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد کو نئی جلا بخشی ہے اور یہ دونوں ممالک کے درمیان ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں، چینی انجینئرز اور پاکستانی کارکنوں نے ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کام کیا ہے اور بعض ناممکن مقامات پر بھی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے اور مل کر مشکلات اور رکاوٹوں پر قابو پایا ہے، سی پیک کے تحت توانائی، زراعت، ریلوے اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں منصوبے شروع کیے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت مشترکہ انوویشن کوریڈور بنانے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے متعلقہ ورکنگ گروپس کو متحرک کرنا ہو گا۔
پاکستان اور چین کے اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے چھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط
قبل ازیں پاکستان اور چین نے دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی چھ یادداشتوں پر دستخط کیے۔
ان معاہدوں پر دستخط وزیراعظم آفس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ کے درمیان ملاقات کے بعد ایک تقریب کے دوران کیے گئے۔