Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ میں سعودی عرب میں ہوں، ہلالی ہوں‘، سٹار فٹبالر نیمار جونیئر الہلال کلب میں شامل

سنیچر کو کنگ فہد سٹیڈیم میں سٹار فٹبالر نیمار کا استقبال کیا جائے۔ فوٹو: الہلال ٹوئٹر
الہلال فٹبال کلب نے برازیل کے سٹار فٹبالر نیمار جونیئر کے ساتھ معاہدہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الہلال کلب نے ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ویڈیو جاری کی ہے جبکہ نیمار کی الہلال کی جرسی پہنے ہوئے متعدد تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں
الہلال کلب کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’سنیچر کے دن کنگ فہد سٹیڈیم میں سٹار فٹبالر نیمار کا استقبال کیا جائے گا۔‘
الہلال نے کہا ہے کہ ’پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں جس کے تحت ہم نے 90 ملین یورو کے عوض نیمار کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔‘
الہلال نے مزید کہا کہ ’نیمار کے ساتھ ایک سو ملین یورو سالانہ تنخواہ پر معاہدہ کر لیا ہے۔‘
الہلال کلب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو اپلوڈ کی جس میں نیمار اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ وہ اب اِس کلب کا حصہ ہیں۔
ویڈیو میں 31 برس کے فٹبالر کہتے ہیں کہ ’میں یہاں سعودی عرب میں ہوں اور میں ہلالی ہوں۔‘
سعودی پرو لیگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیمار نے کہا ہے کہ وہ ’کھیلوں کی نئی تاریخ‘ لکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’الہلال بہت بڑا کلب ہے جس کے شاندار مداح ہیں اوریہ ایشیا کا بہترین فٹبال کلب ہے جس کے بعد مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ میرا یہ فیصلہ صحیح ہے، صحیح وقت پر ہے اور صحیح کلب کے ساتھ ہے۔ مجھے جیتنا اور گول سکور کرنا پسند ہے اور میرا سعودی عرب میں الہلال کے ساتھ یہی کرنے کا ارادہ ہے۔‘
دوسری طرف پیرس سینٹ جرمین کے صدر ناصر الخلیفی کہتے ہیں کہ ’نیمار جیسے شاندار کھلاڑی کو خدا حافظ کہنا بہت ہی مشکل ہے جو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔‘
نیمار 2017 میں سپین کے فٹبال کلب بارسلونا سے پی ایس جی میں 24 کروڑ ڈالر کی ورلڈ ریکارڈ فیس کے ساتھ شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے پی ایس جی کی جانب سے 173 میچوں میں 118 گول کیے۔
نیمار نے فرانسیسی لیگ ون کے پانچ ٹائٹل جیتنے کے ساتھ ساتھ تین فرانسیسی کپ بھی جیتے۔

شیئر: