Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چھٹیوں پر گئے ہیں،‘ انڈیا میں برگر کنگ سے ٹماٹر کیوں غائب ہوگئے؟

حالیہ ہفتوں کے دوران انڈیا میں ٹماٹر کی قیمت میں 450 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں امریکی فاسٹ فوڈ کمپنی ’برگر کنگ‘ نے اپنے برگرز اور دیگر کھانوں میں قیمتیں بڑھنے کے باعث ٹماٹروں کا استعمال بند کردیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا میں ’برگر کنگ‘ کے دو ریستورانوں کے باہر چسپاں کیے گئے نوٹسز پر لکھا تھا کہ ’’ٹماٹروں کو بھی چھٹیاں درکار ہیں۔ ہم آپ کے کھانوں میں ٹماٹر شامل کرنے سے قاصر ہیں۔‘
’برگر کنگ‘ انڈیا میں کام کرنے والی فاسٹ فوڈ ریستورانوں کی سب سے بڑی چین ہے جس کی ملک بھر میں 400 سے زائد شاخیں موجود ہیں۔
اس سے قبل ’میک ڈونلڈز‘ اور ’سب وے‘ بھی اپنے کھانوں میں ٹماٹر کا استعمال کرنا بند کر چکے ہیں جس کی وجہ انڈیا میں مہنگائی ہے جس کی شرح رواں ہفتے ملکی تاریخ میں جنوری 2020 کے بعد سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق مہنگائی کے باعث مارکیٹوں میں ٹماٹر کی قلت ہو گئی ہے جس کی وجہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے فصلوں کو نقصان پہنچنا ہے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران انڈیا میں ٹماٹر کی قیمت میں 450 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
’برگر کنگ‘ کی جانب سے ٹماٹر کا استعمال روکنے پر صارفین بھی سوالات پوچھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ کمپنی کے فیس بُک پیج پر ایک صارف نے پوچھا کہ ’میرے برگر میں ٹماٹر کیوں نہیں؟‘
’برگر کنگ‘ کی جانب سے جواب دیا گیا کہ ’ہم کھانوں کے معاملے میں اعلیٰ معیار کو ہمیشہ ملحوظِ خاطر رکھتے ہیں‘ اور آپ کے کھانوں میں ٹماٹر کی جلد واپسی ہوگی۔
انڈیا میں حکام نے حالات کو مدِنظر میں رکھتے ہوئے یہ نیپال سے ٹماٹر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور جو کہ ملک بھر میں گاڑیوں کے زریعے بیچے جا رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر چند دن پہلے وائرل ہونے والی ویڈیوز میں ملک کے مختلف حصوں میں ٹماٹر فروخت کرنے والی حکومتی گاڑیوں کے اردگرد لوگوں کی بڑی تعداد کو بھی دیکھا گیا تھا۔

شیئر: