Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے: آرمی چیف

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ’جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے۔ اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہا پسندانہ رویے کی کوئی گنجائش نہیں۔‘
آرمی چیف جنرل عاصم منیر جمعرات کو آئی ایس پی آر کے سالانہ انٹرن شپ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، جنس اور ذات برابر ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘
آرمی چیف نے قومی ترقی میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جو ملک کے امن، ترقی اور خوش حالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔‘
 آرمی چیف نے انارکی پھیلانے اورعوام میں عدم برداشت پیدا کرنے کے لیے کی جانے والی دشمن قوتوں کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ سچ، آدھا سچ، جھوٹ اور غلط معلومات کے درمیان فرق کو سمجھیں۔‘
آخر میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر نوجوان انٹرنیز کو مبارک باد دی۔

شیئر: