ریاض بس سروس کے دوسرے مرحلے کا آغاز، نئی سہولتیں کیا ہیں؟
منصوبے میں نو نئے روٹس کا اضافہ کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ریاض سٹی رائل کمیشن نے دارالحکومت میں کنگ عبدالعزیز پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت ریاض بس سروس کا دوسرا مرحلے کا آغاز کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق منصوبے میں نو نئے روٹس کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ روٹ نمبر گیارہ میں توسیع کی گئی ہے جو خصوصی روٹ والی بسوں کے لیے مختص ہے۔
دوسرے مرحلے میں شہر کے متعدد محلوں کے لیے 500 بس سٹینڈز کے ذریعے 223 اضافی بسیں چلائی جائیں گی۔
ریاض میں روٹس کی تعداد 24 ہوجائے گی۔ 560 سے زیادہ بسیں گیارہ سو سے زیادہ بس سٹینڈز سے گزریں گی۔ 1120 کلو میٹر کا علاقہ ان کی رینج میں ہوگا۔ بسوں کا مجموعی نیٹ ورک 1900 کلو میٹر کا ہے۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے کا آغاز شعبان میں کیا گیا تھا۔ اس دوران بسوں نے ایک لاکھ 80 ہزار سے زیادہ چکر لگائے۔ سفر کرنے والوں کی تعداد بیس لاکھ سے زیادہ رہی۔
ریاض بس سروس سے معاشرے کے مختلف طبقے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ توقع یہ ہے بس سروس شہر میں گاڑیوں کی تعداد کم کرنے میں کامیاب ہوگی اس سے شہر میں ٹریفک اژدحام بھی کم ہوگا۔
ریاض بس سروس کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر ’ریاض بس‘ ایپ میں مزید خصوصیات شامل کی گئی ہیں تاکہ بس سروس استعمال کرنے والے مناسب طریقے سے پلاننگں اور آسانی سے ٹکٹ خرید سکیں۔
ایپ کو اپ ڈیٹ کرکے اس میں اپنی منزل کا انتخاب کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ ٹکٹ سے متعلق کئی نئے آپشن بھی شامل ہیں۔
ٹکٹ تین دن، سات یا ایک ماہ تک موثر رہے گا۔ ٹکٹ بس سٹینڈز سے بھی خریدے جاسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں درب کارڈ یا ایپ کے ذریعے بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔