Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان میں دلہن کی رخصتی پر بھائی کا قتل، شادی کی تقریب غم میں بدل گئی

بھائی کے قتل پر دلہن کے اعصاب جواب دے گئے اور وہ سڑک پر گر پڑی ( فوٹو: سوشل میڈیا)
شمالی لبنان کے طرابلس شہر میں ابی سمرا مقام پر دلہن کی رخصتی کے وقت دولہا کے رشتے داروں نے دلہن کے بھائی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق بھائی کے قتل پر دلہن کے اعصاب جواب دے گئے اور وہ سڑک پر گر پڑی۔
عینی شاہدین کے مطابق عروسی لباس میں دلہن سڑک سے گزرتے ہوئے گر گئی۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہے۔ 
خاندانی امور کے ترجمان نے واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ’ دلہن کا بھائی بہن کو اپنی گاڑی میں شادی ہال لے جانا چاہتا تھا تاہم  دولہا کے بھائی نے یہ درخواست مسترد کردی‘۔
’نوک جھونک نے جھگڑے کی شکل اختیار کرلی اور نوبت فائرنگ تک پہنچ گئی جس میں دلہن کا بھائی ’مومن البیروتی‘ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا‘۔ 
سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن عروسی لباس میں اپنے بھائی کی میت پر زاروقطار رو رہی ہے۔ 
 فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورس کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔  تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے پوچھ گچھ کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ 
طرابلس شہر میں غیر قانونی اسلحہ بڑی تعداد میں ہے۔ یہاں آئے دن خونریزی کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ 

شیئر: