Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ کے نواح میں سیلابی ریلے سے ایک شخص ہلاک

مغربی علاقوں میں مزید طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
مکہ مکرمہ میں منگل کو ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نواحی قریہ میں سیلابی ریلے کے باعث ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
عرب نیوز کے مطابق گرج چمک کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارش کے مینا ایلیمنٹری سکول کے استاد محمدالتویم سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آنے کے بعد اپنی کار سے نکلنے کی کوشش میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
مکہ مکرمہ میں زبردست بارش کے دوران حرم مکی شریف کے سامنے کلاک ٹاور پر رات کے وقت آسمانی بجلی گرنے سے آسمان روشن ہو گیا اور زائرین نے یہ منظر دیکھا۔
مملکت کے قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے بتایا ہے کہ بارش کے دوران طوفانی ہواؤں کی رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تھی اور 24 گھنٹے میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
حرم شریف کے گردونواح میں پیدل چلنے والے متعدد زائرین تیز رفتار ہواؤں کی زد میں آنے سے توازن برقرار نہ رکھ سکے۔ راہداریوں کے اطراف رکھے پلاسٹک کے حصار بھی تیز ہوا کے سبب پھسلتے ہوئے نظر آئے۔

شہر میں طوفانی ہواؤں کی رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تھی۔ فوٹو عرب نیوز

مکہ مکرمہ کے ایک رہائشی محمد  نے بتایا کہ میں خریداری کے لیے نکلا تھا کہ طوفانی بارش نے چند منٹوں میں سارا منظر ہی بدل دیا۔
ایک اور شخص ابو مائدہ نے بتایا کہ میں صورتحال اچانک تبدیل ہونے سے مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا میں اپنی گاڑی پر قابو نہیں رکھ پا رہا تھا، میں نے ریڈیو پر قرآن کی تلاوت سننا شروع کر دی۔

راہداریوں کے اطراف حصار بھی تیز ہوا میں پھسلتے نظر آئے۔ فوٹو انسٹاگرام

بعدازاں مکہ مکرمہ گورنریٹ نے حفاظتی اقدامات کے تحت علاقے کے سکول بند رکھنے کی ہدایت جاری کر دی اور اعلان کیا گیا کہ ای لرننگ پلیٹ فارم پر کلاسز کا انعقاد  ہو گا۔
محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ اور مملکت کے دیگر مغربی علاقوں میں مزید طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔
 

شیئر: