بجلی کے نرخوں میں اضافے کے معاملے پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیاں بریفنگ دیں گی۔
سنیچر کو نگراں وزیراعظم نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ اتوار کو ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں صارفین کو بجلی کے بِلوں کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔
اس سے قبل بجلی کے بِلوں میں اضافے کے خلاف عوامی ردعمل کے پیش نظر ملتان کی الیکٹرک سپلائی کمپنی میپکو نے ملازمین کو گاڑیوں سے سرکاری نمبر پلیٹ اتارنے کی ہدایت کی تھی۔
مزید پڑھیں
-
بجلی کے زیادہ بل اور احتجاج لیکن ’عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں‘Node ID: 790506
میپکو کی جانب سے جاری ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ملازمین سرکاری گاڑیوں کے استعمال سے گریز کریں۔
’حالات معمول پر آنے تک گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ استعمال نہ کریں تاکہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔‘
ایک اور سرکولر میں میپکو نے کہا ہے کہ 26 اگست کو احمد پور شرقیہ کے شہریوں کی جانب سے بجلی کے بل میں اضافے کے خلاف احتجاج کا امکان ہے، لہٰذا تحصیل میں موجود تمام میپکو کے دفاتر کے باہر پولیس تعینات کی جائے۔
میپکو کے مطابق احتجاج کے دوران تنصیبات کو نقصان پہنچانے کا خدشہ ہے۔
میپکو نے ضلعی پولیس سربراہ کو خط میں تمام ضلعی دفاتر اور تنصیبات کی حفاظت کے لیے پولیس نفری تعینات کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
خط میں میپکو کا کہنا ہے کہ ادارے کے افسران خود کو غیرمحفوظ محسوس کر رہے ہیں، صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور امن و امان کا مسئلہ بن سکتا ہے۔
بجلی کے بھاری بِلوں کے معاملے پر میں نے کل وزیر اعظم ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں سے بریفنگ لی جائے گی اور صارفین کو بجلی کے بِلوں کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔
— Anwaar ul Haq Kakar (@anwaar_kakar) August 26, 2023