Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاتون کھلاڑی کا بوسہ، فیفا نے ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کے صدر کو معطل کر دیا

لوئس روبیلز نے جمعے کو فیڈریشن کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ’آخر تک لڑیں گے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے ہسپانوی فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی جینی ہرموسو کا بوسہ لینے پر ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کے صدر لوئس روبیلز کو معطل کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو فیفا نے لوئس روبیلز کو نہ صرف معطل کیا ہے بلکہ ان کے جینی ہرموسو سے رابطہ رکھنے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔
فیفا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’(ہم) نے آج فیصلہ کیا کہ مسٹر لوئس روبیلز کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر فٹ بال سے متعلق تمام سرگرمیوں سے عارضی طور پر معطل کر دیا جائے۔ ان کے خلاف تادیبی کارروائی تک یہ پابندی 90 روز تک رہے گی۔‘
قبل ازیں فیفا ویمن ورلڈ کپ ٹرافی جیتنے والی ہسپانوی فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی جینی ہرموسو نے کہا تھا کہ }فیڈریشن کے صدر کی جانب سے ناپسندیدہ بوسہ لینے میں ان کی رضامندی شامل نہیں تھی۔{
امریکی چینل سی این این کے مطابق جینی ہرموسو نے کہا کہ ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کے صدر لوئس روبیلز کے اقدام کو صحیح ثابت کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’میرے فیصلے کے باوجود یہ بتانا ضروری ہے کہ مجھ پر ایسا بیان دینے کے لیے مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا ہے جو مسٹر لوئس کے عمل کو صحیح ثابت کر سکے۔‘
جینی ہرموسو کا کہنا تھا کہ ’وہ خود کو غیرمحفوظ محسوس کر رہی ہیں اور ان کو غیر متوقع طور پر ایسی صورت حال کا سامنا ہوا جس میں ان کی مرضی شامل نہیں تھی۔‘
’یہ واضح ہے کہ مجھے عزت و احترام نہیں دیا گیا۔
اتوار کو سپین نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ویمن ورلڈ کپ فائنل جیتا تھا۔ تقسیم انعامات کے دوران فٹ بال فیڈریشن کے صدر لوئس روبیلز نے 33 برس کی کھلاڑی جینی ہرموسو کو ہونٹوں پر بوسہ دیا تھا۔
تقریب کے بعد جینی ہرموسو نے بوسہ لینے پر ’ناپسندیدگی کا اظہار‘ کرتے ہوئے کہا کہ ان کو اس کی ’توقع‘ نہیں تھی۔
فٹ بال فیڈریشن کے 46 سالہ صدر لوئس روبیلز نے ایک ہفتے کی شدید تنقید کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہونے سے انکار کر دیا تھا۔
جمعے کو فیڈریشن کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ’آخر تک لڑیں گے۔
تقریر کے دوران انہوں نے اس اقدام کو باہمی رضامندی قرار دیا تھا اور تقریباً 30 منٹ کی تقریر میں متعدد بار کہا تھا کہ وہ استعفیٰ نہیں دیں گے۔

جینی ہرموسو نے بوسہ لینے پر ’ناپسندیدگی کا اظہار‘ کرتے ہوئے کہا کہ ان کو اس کی ’توقع‘ نہیں تھی (فائل فوٹو: روئٹرز)

اپنے بیان میں جینی ہرموسو نے روبیلز کے باہمی رضامندی کے دعوے کو مسترد کردیا۔
جمعے کو جینی ہرموسو سمیت سپین کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے سکواڈ اور دیگر پروفیشنل خواتین فٹ بالرز نے کہا تھا کہ ’جب تک فیڈریشن کے صدر کو اپنے عہدے سے نہیں ہٹایا جاتا وہ ملک کے لیے نہیں کھیلیں گی۔‘

شیئر: