ایشیا کپ: پاکستان انڈیا میچ اگر بارش کی نذر ہو گیا تو؟
ایشیا کپ: پاکستان انڈیا میچ اگر بارش کی نذر ہو گیا تو؟
جمعرات 31 اگست 2023 12:37
انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچ سنیچر کو کھیلا جائے گا۔ فوٹو: اے ایف پی
ایشیا کپ 2023 کا اہم ترین میچ بارش کی نذر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ سری لنکا کے شہر پالیکیلے میں سنیچر کو کھیلا جائے گا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو دن سے پالیکیلے میں بارش ہو رہی ہے اور موسم کا حال بتانے والی مختلف ویب سائٹس سنیچر کے روز شدید بارش کی پیش گوئی کر رہی ہیں۔
موسم کا حال بتانے والی ویب سائٹ ’ویدر ڈاٹ کام ‘ کے مطابق سنیچر کو پیلیکیلے میں بارش کا امکان 72 فیصد ہے۔
اس خبر نے کرکٹ شائقین کو کافی مایوس کر دیا کیونکہ انڈیا اور پاکستان صرف ایشین کرکٹ کونسل اور آئی سی سی کے بڑے میچز میں ہی مدمقابل ہوتے ہیں۔
سری لنکا میں اگست سے ستمبر کے دوران دھوپ اور صاف موسم کی توقع کم ہی کی جاتی ہے اور ان دو مہینوں میں کم سے کم کرکٹ میچز شیڈیولڈ ہوتے ہیں۔
پالیکیلے اب تک11 سال کے عرصے میں 33 ون ڈے میچز کی میزبانی کر چکا ہے اور ان میں سے صرف تین میچز اگست اور ستمبر کے دوران جس سے کھیلے گئے جس سے یہ واضح ہے کہ میچز کی تاریخ مون سون کے موسم میں رکھنے سے گریز کیا جاتا ہے۔
لیکن سوال یہ اٹھتا ہے کہ پھر ایسے موقع پر ایشیا کپ کیوں کھیلا جا رہا ہے؟ دراصل یہ آخری لمحات میں کیا گیا فیصلہ تھا۔
جب یہ واضح ہو گیا کہ انڈین ٹیم کو ٹورنامنٹ کے میزبان ملک پاکستان جانے کے لیے حکومت اجازت نہیں دے گی تو ایشین کونسل کے پاس ہائبرڈ ماڈل کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔ موسم کی پیش گوئی کے باوجود ایشیا کپ 2023 کے زیادہ تر میچز سری لنکا منتقل کرنے پڑے۔
بارش ہو گئی تو میچ کا کیا ہوگا؟
50 اوور پر مشتمل ون ڈے میچ کا فائدہ یہ ہو سکتا ہے کہ بارش کی صورت میں گراؤنڈ سٹاف کو کافی وقت مل جاتا ہے کہ وہ کم سے کم اوورز کا کھیل ممکن بنا سکیں۔ اگر قدرت کی دیوی مہربان نہ رہی اور جم کر بارش برسی تو پاکستان انڈیا کے درمیان 20 اوور کے مقابلے کے لیے تیار رہیں۔
اگر یہ بھی ممکن نہ ہو پایا تو دونوں ٹیمیں پوائنٹس شیئر کریں گی۔ پاکستان خود بخود سپر 4 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لے گا کیونکہ وہ پہلے ہی نیپال کو شکست دے چکا ہے جبکہ انڈیا کو اگلے راؤنڈ میں جانے کے لیے اپنے گروپ فکسچر میں نیپال کو ہرانا ہوگا۔
سری لنکا کے پالیکیے سٹیڈیم کی پچ رپورٹ
پالیکیلے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم بڑے سکورز کے لیے جانا جاتا ہے جہاں میدان میں اترنے والی پہلی ٹیم کو عام طور پر فائدہ ہوا ہے۔ اس سٹیڈیم نے اب تک 33 میچوں کی میزبانی کی ہے جن میں سے 18 مرتبہ پہلے فیلڈنگ کرنے والی ٹیم نے فتح حاصل کی۔
پالیکیلے سٹیڈیم کی پچ عام طور پر اننگز کے شروع میں تیز گیند بازوں کا ساتھ دیتی ہے لیکن جیسے جیسے میچ آگے بڑھتا ہے تو سپنرز آہستہ آہستہ اس کی سطح سے فائدہ اٹھانا شروع کرتے ہیں۔