Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں سڑک سے پکڑے گئے شیر کی ’اپنوں‘ سے ملاقات، ویڈیو وائرل

محبت کی لازوال داستان کہیں یا اپنوں سے دوری کا درد شارع فیصل سے پکڑا گیا کنگ نامی شیر کراچی چڑیا گھر میں اپنوں کو قریب دیکھ کر خوشی سے نہال ہو گیا۔
جمعے کو وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ کنگ نے اپنی دیکھ بھال کرنے والوں پر غصے کا اظہار بھی کیا اور محبت بھی دکھائی۔
سوشل میڈیا پر اس محبت اور پیار جتلانے کے انداز کا خوب چرچا ہے اور صارفین تبصرے کر رہے ہیں۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کی مرکزی سڑک شارع فیصل پر منگل کے روز ایک شیر گاڑی میں موجود اپنے پنجرے باہر نکل کر سڑک پر چہل قدمی کرتا دیکھا گیا تھا۔
شیر کو سڑک پر دیکھ کر شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی اور محکمہ وائلڈ لائف سمیت دیگر ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد جنگلی جانور کو قابو کیا۔
محکمہ وائلڈ لائف نے شیر کو اپنے قبضے میں لیتے ہوئے شیر کے مالک شمس الحق سمیت پانچ افراد کو حراست میں لیا تھا جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں اگلے روز ضلع جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
محکمہ وائلڈ نے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے عدالت میں گرفتار ملزمان کے ساتھ شیر کو پیش نہیں کیا تھا بلکہ چڑیا گھر میں ہی رکھا گیا تھا۔ 
چڑیا گھر کے ایک ملازم نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ’شارع فیصل سے پکڑ کر چڑیا گھر لایا گیا شیر اپنے پنجرے میں ایک کونے میں بیٹھا رہتا ہے۔ وہ دیگر جانوروں کی طرح چہل قدمی یا اچھل کود نہیں کر رہا ہے۔‘

شیر کے مالک شمس الحق سمیت پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔ (فوٹو: سکرین گریب)

انہوں نے مزید بتایا کہ شیر اپنی خوراک کے مطابق گوشت بھی نہیں کھا رہا۔ ’جب پنجرے میں شیر سے ملنے اس کی دیکھ بھال کرنے والے آئے تو شیر ان کے ساتھ خوب مستیاں کر رہا تھا اور ان کے ہاتھ سے کھانا بھی کھا رہا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر موجود ہے۔‘
کراچی چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شارع فیصل سے محکمہ وائلڈ لائف نے جو شیر پکڑ کر کراچی چڑیا گھر منتقل کیا ہے وہ بلکل ٹھیک ہے۔ یہاں کے ماحول میں ایڈجسٹ ہو رہا ہے۔
شیر کی خوراک اور طبیعت کی اداسی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انتظامیہ نے بتایا کہ ’شیر اپنی ضرورت کی پوری خوراک کھا رہا ہے۔‘
شیر کی منتقلی کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ’یہ محکمہ وائلڈ لائف اور عدالت نے فیصلہ کرنا ہے کہ اس شیر کا کیا کرنا ہے۔ یہ ہمارے پاس رکھوایا گیا ہے اور ہم اس کی اچھی طرح سے دیکھ بھال کر رہے ہیں۔‘
شارع فیصل سے پکڑا جانے والا شیر اب قانون کی گرفت میں ہے اور کراچی چڑیا گھر کے ایک پنجرے میں قید ہے۔

شیئر: