نیوم میں ہدایتکار سائمن ویسٹ کی سربراہی میں تاریخی فلم ’عنترہ‘ کی شوٹنگ
نیوم کی جانب سے شوٹنگ کےلیے سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
معروف بین الاقوامی ہدایتکار سائمن ویسٹ کی سربراہی میں ورکنگ ٹیم نیوم میں فلم ’عنترہ‘ کی شوٹنگ کرے گی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ’عنترہ‘ کی شوٹنگ 2024 کے اوائل میں ہوگی جو 12 ہفتے تک جاری رہے گی۔ شوٹنگ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
نیوم کی جانب سے شوٹنگ کےلیے سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ جدید ترین سٹوڈیوز، پروڈکشن کے آلات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا حامل عملہ مہیا کیا جائے گا۔
سائمن ویسٹ منفرد فلموں کی ہدایتکاری میں شاندار ریکارڈ رکھتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے قندھار نامی فلم کی تیاری میں حصہ لیا تھا جس کی شوٹنگ سعودی عرب میں کی گئی تھی۔
عنترہ فلم کی ورکنگ ٹیم جدہ کے صحرائی سٹوڈیوز کو شوٹنگ اور پروڈکشن کا سینٹر بنائے گی۔ نیوم کے دلکش قدرتی جمالیاتی مقامات پر فلم کی شوٹنگ کی جائے گی۔
نیوم کے 468 کلو میٹر طویل ساحل کے سحر آفریں مناظر فلم کا حصہ ہوں گے۔
فلم کے ہدایتکار کا کہنا ہے کہ ’عنترہ‘ کے علاقے میں کی جانے والی شوٹنگ فلم کو معتبر بنائے گی۔
سائمن ویسٹ نے کہا کہ ’وہ اس فلم میں حصہ لینے پر خوش بھی ہیں اور پرجوش بھی۔ چاہتے ہیں کہ یہاں نئی فلمی صنعت کے فروغ اور بین الاقوامی شائقین کے لیے منفرد فلمی تجربے کی تیاری میں حصہ لیں۔‘
عنترہ فلم عرب شہسوار عنترہ بن شداد کے حقیقی قصے پر بنائی جا رہی ہے۔ اس کا تعلق چھٹی صدی عیسوی سے ہے۔ عنترہ کا شمار عرب تاریخ کے مشہور ترین شہسواروں اور عظیم ترین شعرا میں ہوتا ہے۔ عنترہ بن شداد بہادر اوردلیر شخص تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں