Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خراب موسم کے باعث ایشیا کپ کے متاثر ہونے کا خدشہ، ذکا اشرف کا جے شاہ سے رابطہ

دو ستمبر کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
پاکستان اور سری لنکا میں جاری ایشیا کپ کے حوالے سے دو نئی بڑی پیشرفت سامنے آئی ہیں جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ سے فون پر بات کی ہے جبکہ لاہور میں بی سی سی آئی کے صدر روجر بِنی اور نائب صدر راجیو شکلا بھی پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ذکا اشرف نے سری لنکا میں خراب موسم کے باعث ٹورنامنٹ کے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر جے شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
ذکا اشرف نے جے شاہ کو اس بات کی دعوت دی ہے کہ ٹورنامنٹ کے بقایا میچوں کو پاکستان منتقل کیا جائے۔
ذکا اشرف نے جے شاہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا کپ ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے، اسے بارش سے متاثر نہ کیا جائے، سری لنکا میں بارشوں کا امکان ہے۔
اس کے جواب میں جے شاہ نے صورتحال پر غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہاں واضح رہے کہ اے سی سی ایشیا کپ کے میچوں کی کولمبو سے دمبولا یا ہمبنتوتا منتقلی کا فیصلہ اگلے 24 سے 36 گھنٹوں کے درمیان کر سکتی ہے۔
اس کے علاوہ پیر کے روز واہگہ بارڈر کے ذریعے بی سی سی آئی کے صدر روجر بِنی اور نائب صدر راجیو شکلا لاہور پہنچ گئے ہیں۔
لاہور میں روجر بِنی اور راجیو شکلا کا ذکا اشرف نے استقبال کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی سی سی صدر اور نائب صدر کا کہنا تھا کہ انڈین ٹیم کے پاکستان آنے کا فیصلہ اُن کی حکومت کرے گی۔
روجر بِنی نے کہا وہ آخری مرتبہ 2006 میں پاکستان آئے تھے۔
خیال رہے روجر بِنی اور راجیو شکلا دو روزہ دورے پر لاہور آئے ہیں جہاں وہ منگل کے روز قذافی سٹیڈیم میں افغانستان اور سری لنکا کا میچ دیکھیں گے جبکہ گورنر ہاؤس میں اُن کے اعزاز میں عشائیہ بھی رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ نے خبر دی ہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم دمبولا میں ہوٹلنگ اور باقی سہولیات سے مطمئن نہیں ہے جبکہ دمبولا کے سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کا کام بھی پوری طرح سے مکمل نہیں ہوا۔
اس کے علاوہ ہمبنتوتا میں سٹیڈیم کے قریب ہوٹل نہ ہونے کے مسائل ہیں جبکہ میچ  کولمبو سے دمبولا منتقل کرنے پر براڈکاسٹرز کو بھی شدید خدشات لاحق ہیں۔

اگر انڈیا سپرفور مرحلے میں رسائی حاصل کرتا تو 10 ستمبر کو ایک مرتبہ پھر سے اُس کا سامنا پاکستان سے ہوگا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے دو ستمبر کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان کینڈی میں کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے بعد ٹورنامنٹ کے باقی میچ پالیکیلے اور کولمبو سے دوسرے شہروں میں منتقل کرنے پر نئی بحث نے جنم لے لیا ہے۔
دوسری جانب اگر پیر کے روز میچ میں انڈیا نیپال کو شکست دے دیتا ہے تو دس ستمبر کو ایک مرتبہ پھر سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کولمبو میں ہوگا جہاں شدید بارشیں جاری ہیں۔
موسم کی خبروں کی ویب سائٹ ’ایکیوا ویدر‘ نے اگلے ایک ہفتے تک کولمبو میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

شیئر: