Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معاشی سرگرمیوں کی مکمل حمایت کی جائے گی: کور کمانڈرز کانفرنس

پاکستان فوج کے کور کمانڈرز کی کانفرنس میں حکومت معاشی سرگرمیوں کی حمایت جاری کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
جمعرات کو  راولپنڈی میں پاکستان کے فوج کے ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف عاصم منیر کی سربراہی میں ہونے والی 259 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق ’شرکاء نے ہر قسم کے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔‘
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ’فورم نے ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کی کہ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لیے مذموم پروپیگنڈہ کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا۔‘
’ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہوں گے۔‘
بیان کے مطابق ’کانفرنس میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ دہشت گرد جو پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، وہ،  ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔‘
’آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔‘
کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ ’ملک میں معاشی سرگرمیاں جو اس وقت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کی زیر نگرانی جاری ہیں، اُن کی مکمل حمایت کی جائے گی اور ایسی سرگرمیاں جو معیشت کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس کے خاتمے کیلئے حکومت کی مکمل معاونت کی جائے گی۔‘

شیئر: