ولی عہد کی نیابت کرتے ہوئے نائب گورنر مکہ نے انعامات دیئے(فوٹو، ایس پی اے)
کراؤن پرنس کیمل میلے پانچ کے آخری راؤنڈ میں جیتنے والوں کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی نیابت کرتے ہوئے نائب گورنر مکہ شہزادہ بدر بن سلطان نے انعامات سے نوازا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق اس موقع پر اولمپک، پیرالمپک کمیٹی کے ڈپٹی چیئرمین اور سعودی کیمل فیڈریشن کے سربراہ شہزادہ فہد بن جلوی بھی موجود تھے۔
پہلے راؤنڈ میں عاطف بن عطیہ القرشی کی اونٹنی ’مبلش‘، دوسرے راؤنڈ میں قطر کی ’عجیب‘، تیسرے راؤنڈ میں قطر کے ناصر المسند کی ’نجدین‘ اونٹنی اور چوتھے راؤنڈ میں متحدہ عرب امارات کی ’الشاھنیہ‘ّ اونٹنی اول آئی۔
کیمل میلے کے اختتامی دن چھ کلو میٹر ریس کے چار راؤنڈ منعقد ہوئے جس میں منتخب اونٹنیاں شامل تھیں۔ خلیجی ممالک سے ممتاز اونٹنیوں کے مالکان کے درمیان ٹکر کا مقابلہ ہوا۔
میلے کے اختتامی دن چھ کلو میٹر ریس کے چار راؤنڈ منعقد ہوئے(فوٹو، ایس پی اے)
کیمل میلہ 5 یکم اگست کو شروع ہوا تھا اس میں سعودی، خلیجی، عرب اور دنیا بھر سے اونٹنیاں شریک ہوئیں۔ 57 ملین ریال سے زیادہ کے انعامات پیش کیے گئے۔ ابتدائی ریس 350 راؤنڈز پر مشتل تھی جبکہ فائنل ریس 28 اگست کو شروع ہوئی۔
یہ 240راؤنڈز پر مشتمل تھی اور گیارہ دن جاری رہی۔ اس کے تحت پانچ راؤنڈ منعقد ہوئے۔ کیمل میلے کی تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل لیڈیز میراتھن کا راؤنڈ بھی ہوا۔
کیمل میلے کے موقع پر منعقدہ متعدد پروگراموں سے بھاری آمدنی بھی ہوئی۔ اس موقع پر اونٹوں کی روایتی دوڑ کے ورثے کے فروغ میں معاون پروگرام کیے گئے۔