Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمارے اتحاد کے نام ’انڈیا‘ نے حکومت کو پریشان کر دیا: راہُل گاندھی

وزیراعظم نریندر مودی کے سامنے رکھی گئی نیم پلیٹ (نام کی تختی) پر بھی انڈیا کی جگہ بھارت لکھا نظر آیا (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا میں حزب اختلاف کی پارٹی کانگریس کے رہنما راہُل گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد کے باعث ملک کا نام ’انڈیا‘ سے ’بھارت‘ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز اور پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق راہُل گاندھی نے حکومت کی جانب سے انڈیا کا نام بدلنے کے بارے میں کہا کہ انہیں انڈیا یا بھارت دونوں ناموں سے کوئی پریشانی نہیں ہے کیونکہ دونوں نام ہی آئین میں استعمال ہوئے ہیں۔
راہُل گاندھی نے پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آئین جو ہے وہ انڈیا سے شروع ہوتا ہے جو کہ بھارت ہے، جو ایک یونین سٹیٹ ہوگا۔ لہذا مجھے اس میں کوئی مسئلہ نظر نہیں آتا۔ دونوں الفاظ ایک دوسرے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے خیال سے ہم نے حکومت کو تھوڑا پریشان کر دیا کیونکہ ہم نے اپنے (اپوزیشن) اتحاد کا نام انڈیا رکھا ہے۔ اس وجہ سے حکومت کو مزید غصہ آگیا ہے اور اب اُنہوں نے ملک کا نام تبدیل کر دیا ہے۔ میرا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنے اتحاد کا نام دوبارہ سے تبدیل کر سکتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ انڈیا کا نام ’بھارت‘ رکھنے کا معاملہ گذشتہ ہفتے پیش آیا جب انڈیا کی صدر دروپدی مُرمُو نے نئی دہلی میں ہونے والے جی20 سمٹ کے ڈنر کے لیے بھیجے جانے والے دعوت نامے میں اپنا نام ’انڈیا کی صدر‘ کے بجائے ’بھارت کی صدر‘ لکھ کر بھیجا۔
اس دعوت نامے کے بھیجے جانے کے بعد اس بات کی قیاس آرائی کی جانے لگی کہ حکومت انڈیا کا نام تبدیل کر کے بھارت رکھنے والی ہے جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔
یہ معاملہ صرف جی20 ڈنر کے دعوت نامے تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ اس سمٹ میں شریک وزیراعظم نریندر مودی کے سامنے رکھی گئی نیم پلیٹ (نام کی تختی) پر بھی انڈیا کی جگہ بھارت لکھا نظر آیا۔
انڈیا کے نام کے تبدیل ہونے کے معاملے پر وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے وزرا کو اس پر سیاسی بیان بازی سے روک دیا ہے۔
نریندر مودی نے جی20 سمٹ سے قبل چھ ستمبر کو وزراء کو اس معاملے پر بیان بازی سے روکتے ہوئے کہا ’یہ (یعنی بھارت) ملک کا قدیم نام ہے۔‘
دوسری جانب انڈین میڈیا میں اس بات کی قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پارلیمنٹ کے اگلے سیشن میں قانونی طور پر انڈیا کا نام تبدیل کرنے کا بل پیش کرنے والی ہے، تاہم حکومت نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی وضاحت جاری نہیں کی نہ ہی پارلیمنٹ کے اگلے سیشن میں ملک کا نام تبدیل کرنے کے ایجنڈے کے حوالے سے کوئی خبر دی ہے۔

شیئر: