Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ: خالی سٹیڈیم بھرنے کے لیے ٹکٹ کی قیمتوں میں 95 فیصد تک کمی

مہنگی ٹکٹوں کی وجہ سے کرکٹ کے جنون میں مبتلا سری لنکا کے عوام سٹیڈیمز سے دور رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکا کرکٹ نے ایشیا کپ کے میچز کی ٹکٹوں میں 95 فیصد تک کمی کر دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کہ اخراجات میں 40 فیصد اضافے کے بعد خالی سٹیڈیمز میں میچز کھیلے جا رہے تھے۔
معاشی بحران سے نبرد آزما سری لنکا میں عام طور پر ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی ٹکٹ کی قیمت 250 سری لنکن روپے ہوتی تھی۔ لیکن ایشیا کپ میں یہ قیمت 10 ہزار سری لنکن روپے تک پہنچ گئی۔
ایشیا کپ جو بنیادی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کروا رہا ہے لیکن اس کے زیادہ تر میچز سری لنکا میں ہو رہے ہیں۔ تاہم مہنگی ٹکٹوں کی وجہ سے کرکٹ کے جنون میں مبتلا سری لنکا کے عوام سٹیڈیمز سے دور رہے۔
سنیچر کو آر پریماداسا سٹیڈیم میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کا ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے کا میچ تھا پر 35 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے اس سٹیڈیم میں مشکل سے سات ہزار افراد اپنی ہوم ٹیم کی حمایت کے لیے آئے۔
اب تماشائیوں کو راغب کرنے کے لیے سری لنکا کرکٹ نے سپر فور مرحلے کے بقیہ میچز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں 95 فیصد تک کی کمی کا اعلان کیا ہے۔ ان میں آج ہونے والا پاکستان اور انڈیا کا میچ بھی شامل ہے جس کی ٹکٹ کی کم از کم قیمت 500 تک کر دی گئی۔
ٹکٹوں کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافے نے شائقین کرکٹ کو برہم کر دیا تھا۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے جا رہے میچ میں بھی شائقین نہ ہونے کے برابر ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

50 اوورز کے میچز پر پر مشتمل ایشیا کپ کو رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل تیاریوں کے حوالے سے اہم سمجھا جا رہا ہے۔ ایشیا کپ کے زیادہ تر میچز کو سری لنکا منتقل کر دیا گیا تھا کیونکہ انڈیا نے سیاسی تناؤ کی وجہ سے اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔
ایک سری لنکن عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ ’پاکستان نے ٹکٹ کی قیمت بہت زیادہ رکھی جس نے شائقین کو سٹیڈیمز سے دور کر دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ٹکٹ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہیں۔ یہ عجیب بات ہے۔ ہم نے پی سی بی سے اس پر بات کرنے کی کوشش کی لیکن ان کے پاس اپنی وجوہات تھیں کیونکہ شاید وہ پیسے سے محروم ہو گئے ہیں۔‘

سری لنکا اور بنگلہ دیش کے سپرفور مرحلے کے میچ میں بمشکل  سات ہزار افراد اپنی ہوم ٹیم کی حمایت کے لیے آئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس حوالے سے اے ایف پی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف جاننا چاہا لیکن کوئی جواب نہ ملا۔
اتوار کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے جا رہے میچ میں بھی شائقین نہ ہونے کے برابر ہی ہیں کیونکہ گرینڈ سٹینڈ کی ٹکٹوں کی قیمت 64 ہزار سری لنکن روپے ہے۔

شیئر: