Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ٹورازم فنڈ الخبر میں رٹز کارلٹن ریزورٹ کی فنانسنگ کرے گا

معاہدے میں الفوزان ہولڈنگ اور بینک الجزیرہ بھی شامل ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے شہر الخبر میں سیاحت اور مہمان نوازی کو جلد رٹز کارلٹن پراپرٹی کی مالی اعانت اور ترقی کے لیے حکومتی فنڈ کی منصوبہ بندی کے ساتھ نمایاں فروغ ملے گا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے ٹورازم ڈیویلپمنٹ فنڈ نے ریاض میں قائم آر سی بیچ رئیل اسٹیٹ فنڈ کے ساتھ شہر کے پہلے ساحلی تفریحی مقام رٹز کارلٹن الخبر کی مالی اعانت اور ترقی کے لیے شراکت داری کی ہے۔
معاہدے میں شامل دیگر فریقین میں الفوزان ہولڈنگ، منصور بن جمعہ اینڈ سنز ہولڈنگ کمپنی اور بینک الجزیرہ شامل ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ معاہدہ ٹی ڈی ایف کے مشن کے ساتھ ہم آہنگ ہے تاکہ امید افزا سیاحتی منصوبوں میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری، قومی سیاحت کی حکمت عملی کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے علاوہ مملکت کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالا جائے۔
فنڈ کی حکمت عملی مملکت کے سیاحت کے شعبے کے بنیادی محرکات میں سے ایک ہے۔ ٹی ڈی ایف نے معاہدے کو حقیقت میں تبدیل کرنے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے اور رئیل اسٹیٹ ڈویلپر ریٹیل اربن ڈویلپمنٹ کمپنی کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے۔
خلیج عرب کے ساحل کے ساتھ واقع رٹز کارلٹن ریزورٹ کی ترقی سے الخبر میں مہمان نوازی کی صنعت کی ترقی میں خاطر خواہ شراکت کی توقع ہے۔
اس ریزورٹ میں پرتعیش رہائش کی پیشکش کی جاتی ہے جس میں 130 کمرے اور سوئٹس، 48 چیلیٹس کے ساتھ تقریباً 99  ہزار 917 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں۔
یہ ریزورٹ اعلیٰ درجے کے غیر رسمی ریستوران، کانفرنسوں کی میزبانی کے لیے خدمات کی سہولتیں اور ایک سپا پیش کرے گا۔ اس کے علاوہ یہ ریزورٹ ہائی ٹیک سہولتیں فراہم کرے گا۔
اس کا سٹریٹیجک مقام اسے مملکت سے آنے والے مقامی وزیٹرز، مشرقی صوبے کے رہائشیوں اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے مسافروں کے لیے ایک مثالی منزل بناتا ہے۔
دریں اثنا سعودی عرب کے وافی پروگرام نے مملکت کے سیاحتی شعبے میں رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز کو مدد فراہم کرنے کے لیے ٹی ڈی ایف کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت نے آف پلان پراپرٹی کی فروخت کی نگرانی کے لیے وافی پروگرام شروع کیا تھا۔ یہ معاہدہ رئیل اسٹیٹ اور سیاحت دونوں شعبوں کو بڑھانے کے لیے مملکت کی حکمت عملی سے ہم آہنگ ہے۔
فنڈ کا وژن قومی سیاحت کی حکمت عملی کے مقاصد کو حاصل کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرنا ہے۔

شیئر: