سالگرہ کا تحفہ، دبئی پولیس نے باپ اور بیٹی کو چھ سال بعد ملوا دیا
بیٹی نے سالگرہ پر والد سے ملنے کی درخواست کی تھی ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے سینٹرل جیل میں قید باپ سے اس کی بیٹی کی ملاقات کرادی۔ چھ سال سے ملاقات نہیں ہوئی تھی۔
الامارات الیوم کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات کے ڈائریکٹر مروان جلفار نے بتایا کہ’ دبئی پولیس سے ایک لڑکی نے امارات پہنچنے پر رابطہ کرکے درخواست کی تھی کہ اسے اس کی سالگرہ پر والد سے ملنے کا موقع دیا جائے‘۔
درخواست میں یہ وضاحت بھی کی گئی تھی کہ اس کی اپنے والد سے ملاقات چھ برس سے نہیں ہوئی ہے۔
’اس کے والد چھ سال قبل وطن سے روزگار کی تلاش میں نکلے تھے مگر مالی مسائل میں الجھنے کے باعث واپس نہیں آئے‘۔
مروان جلفار نے بتایا کہ’ کووڈ 19 کے بعد قیدیوں سے اہل خانہ کی ملاقاتوں کا سلسلہ بند تھا۔ ویڈیو کال پر رابطے کی سہولت دی گئی تھی۔ کوشش یہ رہی کہ قیدیوں کو ان کے اہل خانہ سے قانون کے دائرے میں ملاقات کا موقع دیا جائے‘۔
’محکمہ جیل خانہ جات قانونی پابندیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انسانی پہلوؤں کو اپنی ذمہ داری کا حصہ سمجھتا ہے۔ انسانی تقاضے پورے کرنے سے قیدی کی صحت اور آئندہ کی زندگی درست طریقے سے گزارنے میں مدد ملتی ہے‘۔
سینٹرل جیل کے قائم مقام ڈائریکٹر عبداللہ الاھلی نے بتایا کہ ’قیدی کو پہلے سے یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ ملاقات کس سے کرائی جانے والی ہے‘۔
’سینٹرل جیل میں باپ اپنی بیٹی کو سامنے دیکھ کر حیرت زدہ رہ گیا‘۔