’چین میں سعودی سکالرشپ پروگرام دونوں ممالک کے درمیان اہم ثقافتی پل‘
’چین میں سعودی سکالرشپ پروگرام دونوں ممالک کے درمیان اہم ثقافتی پل‘
بدھ 20 ستمبر 2023 0:01
بندر الخریف نے بیجنگ میں موجود سعودی طلبا سے ملاقات کی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف نے کہا ہے کہ ’بیجنگ میں سکالرشپ پر تعلیم حاصل کرنے والے سعودی طلبا چین کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مملکت کی معیشت کو بڑھانے کے لیے درکار مہارتیں حاصل کر رہے ہیں‘۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بندر الخریف نے یہ باتیں بیجنگ میں موجود سعودی طلبا سے ملاقات کے دوران کیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ملاقات بندر الخریف کے دورے کا حصہ تھی تاکہ مملکت اور چین کے درمیان صنعتی اور کان کنی کے شعبوں میں اقتصادی تعلقات کو مضبوط کیا جا سکے۔
سعودی وزیر نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’مملکت کا سکالرشپ پروگرام دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم ثقافتی پل ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ مملکت سعودی عرب کو عالمی اقتصادی پاور ہاؤس بننے کو یقینی بنانے میں درکار مہارت حاصل کرنے کے لیے سعودی طلبا پر انحصار کر رہی ہے‘۔
بندر الخریف نے کہا کہ ’ وزارت اور حکومتی پروکیورمنٹ اتھارٹی سعودی طلبا کی صنعتی اور کان کنی کے شعبوں میں ملازمتیں تلاش کرنے میں مدد کرنا چاہتی ہے‘۔
اس ملاقات میں جبیل اور ینبع کے رائل کمیشن کے صدر خالد السلیم، کان کنی کے امور کے نائب وزیر خالد المدیفر اور کئی دیگر صنعتی رہنما بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف اور ان کے ہمراہ وفد نے منگل کو بیجنگ یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری کی شاخ کا معائنہ بھی کیا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر نے بیجنگ یونیورسٹی کے چانسلر سے ملاقات کی اور ان سے متعدد شعبوں خصوصا صنعت و کانکنی کے حوالے سے کورس کا جائزہ لیا۔
سعودی وزیر اور ان کے ہمراہ وفد کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری بھی گئے جس کا افتتاح شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کیا تھا۔
یہ لائبریری بیجنگ یونیورسٹی میں اہم ترین ثقافتی مرکز کے طور پر معروف ہے۔ اس میں 20 لاکھ قلمی نسخے ، انمول معلومات اور اہم موضوعات پر کتابوں کا شاندار انتخاب رکھا ہوا ہے۔
بندر الخریف نے لائبریری کے سربراہ فیصل بن عبدالرحمن بن محمد سے ملاقات کی۔
انہوں نے چین میں عربی زبان کی تعلیم اور تمدنی رابطہ جات کے فروغ کے سلسلے میں لائبریری کے ذمہ داران کی کوششوں کو سراہا۔
الخریف نے عربی زبان سیکھنے والے چینی طلبہ سے بھی ملاقات کی۔