ممبئی .... بالی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت ناروے میں ہونے والے 15ویں بالی وڈ فلم فیسٹیول میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کریںگے۔فیسٹیول 8 سے 14ستمبر تک اوسلو اور لارینسکاگ میں منعقد کیا جائیگا۔فیسٹیول کے ڈائریکٹر نصراللہ قریشی کا کہنا ہے کہ پروگرام کے افتتاح میں سنجے دت کو شامل کرنا ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔ناروے کے سنیما کے شائقین بالی وڈ اسٹار کو اپنے درمیان پاکر بے حد خوش ہوں گے۔ سنجے دت کی طرف سے حامی بھرنے کے بعد سے ہی پروگرام کا انعقاد کرنے والی ٹیم بہت پرجوش ہے۔ڈائریکٹر نے کہا کہ فیسٹیول میں اور بھی کئی مشہور و مقبول شخصیات شرکت کریں گی،جن کے ناموں کی فہرست جلد ہی عام کردی جائے گی۔اس فیسٹیول میں فلموں کی اسکریننگ کے علاوہ بالی وڈ موسیقی اور رقص کے پروگرام ہونگے۔اس کے علاوہ فٹنس اور صحت کے تئیں بیداری پھیلانے کے لئے بھی پروگرام رکھا گیا ہے۔